آزادکشمیر ، یوم حق خودارادیت، دنیا بھر میں آباد کشمیر یوں کی ریلیاں،جلوس اور احتجاجی مظاہرے

مظفرآباد (پی آئی ڈی) آزادکشمیر سمیت دنیا بھر میں آباد کشمیر یوں نے یوم حق خودارادیت کے موقع پر ریلیاں،جلوس اور احتجاجی مظاہرے کیے۔ آزادکشمیر بھر کے تمام ضلعی و ڈویژنل سطح پر ریلیوں اور احتجاجی مظاہروں کا انعقاد کیا گیا۔ یوم حق خودارادیت کے حوالے سے آزادکشمیر کے دارالحکومت مظفرآباد میں کشمیر کلچرل اکیڈمی کے زیراہتمام احتجاجی ریلی نکالی گئی۔

پارلیمانی سیکرٹری برائے ایجوکیشن ڈاکٹر تقدیس گیلانی،سیکرٹری جموں وکشمیر لبریشن سیل و کلچرل اکیڈمی اعجاز لون، ڈائریکٹر جنرل کشمیر کلچرل اکیڈمی ڈاکٹر عرفان اشرف، وائس چانسلر آزاد کشمیر یونیورسٹی ڈاکٹر کلیم عباسی، سابق ایم ایل اے پیر علی رضا بخاری نے کشمیر کلچرل اکیڈمی کے زیر اہتمام حق خودارادیت ریلی کی قیادت کی۔ مقررین نے احتجاجی ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بھارت نے کشمیریوں کے پیدائشی حق حق خودارادیت کو دبانے کے لئے نہ صرف بے پناہ فوجی طاقت کا سہارا لیا بلکہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کو بھی ختم کر کے اقوام متحدہ کی قرادادوں کی کھلی خلاف ورزی کی ہے۔ مقررین نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ فوری طور پر مقبوضہ کشمیر میں اپنا فیکٹ فائنڈنگ مشن بھیجے۔

مقررین نے انسانی حقوق کے عالمی اداروں ایمنسٹی انٹرنیشنل، ایشیا واچ اور دوسرے عالمی اداروں سے پرزوز اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی مرتکب بھارتی فوج پر پابندی عائد کرے۔ احتجاجی ریلی آزادی چوک سے شروع ہو کر اقوام متحدہ کے مبصر مشن کے دفتر تک اختتام پذیر ہوئی۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close