او آئی سی وزرائے خارجہ کانفرنس میں وزیر اعظم آزاد کشمیر کی خصوصی شرکت خوش آئند ہے،آزاد کشمیر کے اجلاس میں قرادادیں منظور

اسلام آباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزادجموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کی زیر صدارت کابینہ کے اجلاس میں متعدد قراردادوں کی منظوری دی گئی۔قرارداد میں کہا گیا ہے کہ آزادجموں وکشمیر کابینہ کا اجلاس اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں حق خود ارادیت کے حق میں پاکستان کی جانب سے پیش کردہ قرارداد کی منظوری کومسئلہ کشمیر کے حوالے سے اہم پیش رفت قراردیتا ہے۔

اس قرارداد کی منظوری سے5جنوری یوم حق خودارادیت کوکشمیریوں کیلئے ایک اہم پیغام کی صورت میں انکے بنیادی انسانی حقوق کی بین الاقوامی فورم سے بھرپور تائید ہوئی ہیکابینہ کا اجلاس اسلام آباد میں اسلامی ممالک کی سربراہی تنظیم او۔آئی۔سی کے وزراء خارجہ اجلاس جس میں وزیراعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے بھی خصوصی شرکت کی کو خوش آئند قراردیتا ہے۔ اجلاس سمجھتا ہے اس کانفرنس کے انعقاد سے پاکستان کو تنہا کرنے والی قوتیں خود تنہا ہو چکی ہیں جبکہ یہ کانفرنس کشمیریوں کے لیے ایک مضبوط آواز اور خطہ میں پاکستان کی امن کی کاوشوں کا مظہر ثابت ہوئی۔ اجلاس بہترین خارجہ پالیسی پر وزیر اعظم پاکستان عمران خان،وزیر خارجہ اور ساری ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتاہے۔

اس کانفرنس کے دوران آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی مختلف وزراء خارجہ سے ملاقاتوں میں مسئلہ کشمیر کی طرف توجہ مبذول کروائی جو پاکستان کی کشمیریوں کے ساتھ کمٹمنٹ کاعکاس ہے۔ اجلاس تحریک انصاف کی حکومت کی جانب سے 30سال بعد آزادجموں وکشمیر میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے فیصلے پر وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی کوزبردست خراج تحسین پیش کرتا ہے۔ اجلاس سمجھتا ہے کہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد سے وزیراعظم پاکستان عمرا ن خان کے ویژن کے مطابق اقتدار نچلی سطح تک منتقل ہو گا اور عام آدمی کے مسائل زیادہ بہتر انداز میں حل ہوں گے۔ اجلا س مقبوضہ جموں وکشمیر کی کٹھ پتلی انتظامیہ اور ہندوستانی حکومت کے اشتراک سے ہونے والے ریئل اسٹیٹ سمٹ کو دھوکہ اور کشمیریوں کی زمینیں ہتھیانے کا حربہ قرار دیتا ہے۔ اجلاس سمجھتا ہے کہ ہندوستان کے اس اقدام سے عیاں ہے کہ قوانین میں من مانی ترامیم کرکے مقبوضہ کشمیر میں اسرائیلی ماڈل پر عملدرآمد کرنے کا آغاز ہے جس کا مقصد کشمیریوں کی زمینیں ہتھیا کرانہیں شناخت سے محروم کر کے اپنے ہی مادر وطن میں بے گھر کرنا اور نقل مکانی پر مجبور کرنا ہے۔

کابینہ کا اجلاس مقبوضہ جموں وکشمیر میں قابض ہندوستانی فورسز کی ریاستی دہشت گردی کی جاری کارروائیوں میں سال 2021 کے دوران 210 بے گناہ کشمیریوں کو شہید کرنے کے عمل کی شدید مذمت کرتا ہے۔اس کے علاوہ اجلاس مقبوضہ جموں وکشمیر میں کشمیریوں کی املا ک کو تباہ کرنے، خواتین پر تشدد اور بے حرمتی کرنے اور کشمیریوں کو مذہبی رسومات کی ادائیگی سے روکنے کی بھی شدید مذمت کرتے ہوئے اقوام متحدہ، مہذب دنیا اور او آئی سی سے مقبوضہ کشمیر میں ہندوستانی مظالم رکوانے اور کشمیریوں کو ان کا بین الاقوامی طور پر مسلمہ پیدائشی حق، حق خودارادیت دلوانے کا پرزورمطالبہ کرتا ہے۔ اجلاس وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اس عزم کا اعادہ کرتا ہے کہ آزادجموں وکشمیر میں تحریک انصاف کی حکومت وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق تحریک آزادی کشمیر کو اجاگر کرنے اور آزادخطہ کی تعمیر وترقی کیلئے اپنی تمام تر توانائیاں بروئے کار لائے گی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close