آزادکشمیر، زراعت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کا قیام بھی عمل میں لایا جا ئے گا، ڈائریکٹر جنرل زراعت خواجہ خورشید لون کا میرپور ڈویژن کا دورہ

میرپور (پی آئی ڈی) ڈائریکٹر جنرل زراعت خواجہ خورشید لون کا میرپور ڈویژن کا دورہ،مختلف علاقوں میں جاری زرعی سرگرمیوں کا جائزہ۔اس موقع پر انہو ں نے سبزیاتی فارم خان پور کا بھی معائنہ کیا۔ڈپٹی ڈائریکٹرزراعت میرپور آصف جمیل نے انہیں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ خان پور میں 80سے زیادہ سبزیاتی فارم موجود ہیں اوروہاں تقریباََ تمام لوگ سبزیات کی کاشت سے منسلک ہیں۔ ڈائریکٹر جنرل زراعت نے خان پور میں چوہدری اختر حسین کے باغ کا دورہ بھی کیا اس باغ سےسالانہ10لاکھ روپے کی آمدن ہوتی ہے۔

ڈی جی زراعت نے ڈپٹی ڈائریکٹر میرپور کو ہدایت کی کہ خان پور کو ایک ماڈل ویلج بنانے میں یہاں کے زمینداروں کی بھرپور معاونت جاری رکھیں اور چوہدری اختر حسین کی طرح دیگر کاشتکاروں کو بھی کمرشل فارمنگ کی جانب راغب کر کے ریاست کو زرعی اجناس میں خود کفیل کرنے میں کردار ادا کریں۔انہوں نے میرپور ڈویژن میں زرعی سرگرمیوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اس موقع پر ڈی جی زراعت کا کہنا تھا کہ وزیر زراعت سردار میراکبر خان کی راہنمائی میں اور ان کی ہدایات کی روشنی میں آزادکشمیر میں زراعت کی ترقی ہمارا اولین ترجیح ہے جس کے لیے محکمہ کے تمام آفیسران اور فیلڈ سٹاف کو بھرپور محنت کر رہے ہیں۔

آزادکشمیر میں زراعت کے فروغ کے لیے جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لایا جا رہا ہے اور یہاں کے خدوخال کے مطابق پیدوار میں اضافہ کے لیے اقدامات اٹھائے جار ہے ہیں۔ آزادکشمیر میں جلد زراعت ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کا قیام بھی عمل میں لایا جا ئے گا جس سے زرعی شعبہ کی ترقی میں مدد ملے گی۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close