کوٹلی والوں آپ کا ”عوامی وزیراعظم“ آج آپ کے سامنے کھڑا ہے،وزیر اعظم آزاد کشمیر کا کوٹلی میں بجلی، پانی، ہسپتال، تعلیمی منصوبوں کا اعلان

کوٹلی (پی آئی ڈی) وزیر اعظم آزادجموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ کوٹلی والوں آپ کا ”عوامی وزیراعظم“ آج آپ کے سامنے کھڑا ہے۔کوٹلی میں ڈینٹل میڈیکل کالج،رنگ روڈ،بگ سٹی،اسپورٹس اسٹیڈیم میں مزید اضافہ،تتہ پانی میں بجلی کا گرڈ اسٹیشن،تتہ پانی میں سو بیڈ کا جدید ہسپتال،ڈسٹر کٹ ہیڈ کواٹر ہسپتال میں سو بیڈ کا اضافہ،کوٹلی پینے کے پانی کے لیے سات کروڑ کی مالیت سے چھ عدد ٹیوب ویل،گوئی میں کالج اور انتظامی یونٹ،تتہ پانی سے گوئی اور وہاں دندلی سڑک،کوٹلی میں سیوریج سسٹم،میونسپل کارپوریشن کو فعال،تتہ پانی میں میونسپل کمیٹی دینے کا اعلان کرتا ہوں۔

یہ ماضی کی حکومتوں کے ہوائی اعلانات نہیں ہیں بلکہ تحریک انصاف کی حکومت کے اعلان ہیں جس پر سو فیصد عمل درآمد ہو گا۔ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے اپنے اعزاز میں منعقدہ جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔جلسہ عام سے وزراء حکومت نثار انصر ابدالی، ظفراقبال، اظہر صادق، چوہدری اخلاق، سردار محمد حسین خان، علی شان سونی، مشیر حکومت چوہدری مقبول گجر، ملک یوسف و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ وزیراعظم نے کہااقتدار اللہ تعالی کی دین ہے، جس رب نے مجھے لایا ہے جب تک وہ چاہے گا مجھے یہاں پر رکھے گا،ہم کام کر رہے ہیں اورجس تیزی سے کام ہو رہے ہیں سپورٹس اسٹیڈیم کی مثال آپ کے سامنے ہے جسے تحریک انصاف کی حکومت نے تین ماہ میں مکمل کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ تاریخ سازاستقبال کرنے پر زندہ دلان کوٹلی کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

ملک ظفر اقبال نے آج ہماری بہترین میزبانی کی اور تاریخی استقبال کیا۔ انہوں نے کہاکہ آزادکشمیر میں عمران خان کے ویژن کے مطابق بلدیاتی الیکشن کروا کر اقتدار نچلی سطح تک منتقل کریں گے۔ بلدیاتی الیکشن کے انعقاد کیلئے بہت کم وقت میں،میں نے پانچ اجلاس کیے اور فیصلہ کیا، ماضی میں کسی بھی حکومت کو جرآت نہیں تھی کہ وہ الیکشن کروائے،مگر ہم نے اللہ کے فضل وکرم سے فیصلہ کیا اور انشاء اللہ کامیاب ہونے جارہے ہیں۔ بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے تاریخی فیصلے پر سپریم کورٹ کا بھی شکرگزار ہوں۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں