اسلام آباد (پی آئی ڈی آزاد کشمیر) صدرآزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ میری اور میری حکومت کی خواہش ہے کہ تمام خواتین مردوں کے شانہ بشانہ اپنا کردار ادا کریں اور اُن تمام خواتین کو جنہوں نے آزادکشمیر کے الیکشن مہم میں پارٹی کے امیدواروں کو کامیاب کرانے کے لئے اپنا بھرپور کردار ادا کیا انہیں حکومت میں اکاموڈیٹ کیا جائے گا۔ اسی طرح اُن تمام کارکنوں جنہوں نے بڑھ چڑھ کر آزادکشمیر میں پی ٹی آئی کی حکومت بنانے کے لئے اپنا کردار ادا کیا اُن کو بھی حکومت کا حصہ بنانے کیلئے کوشاں ہیں۔
ان خیالات کااظہار انہوں نے آج یہاں ایوان صدر کشمیر ہاؤس میں پاکستان تحریک انصاف خواتین ونگ کی سابق صدرووفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت محترمہ ڈاکٹر نوشین حامد سے ایک تفصیلی ملاقات میں کیا۔ صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ آزادکشمیر میں صحت کارڈ وزیر اعظم عمران خان کی طرف سے آزادکشمیر کی عوام کے لئے ایک بہت بڑا تحفہ ہے لیکن اس میں ابھی بھی مزید ہسپتالوں کو شامل کروانے کی ضرورت ہے کیونکہ آزادکشمیر سے زیادہ تر لوگ پاکستان کے ہسپتالوں میں آتے ہیں اور ہیلتھ کارڈ کی فہرست میں بیشتر ہسپتالوں کا نام نہ ہونے کی وجہ سے صحت کی بہتر سہولیات سے مستفید نہیں ہو سکتے۔ لہذا اس سلسلے میں مزید بہتری لانے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے اس موقع پرپاکستان تحریک انصاف خواتین ونگ کی سابق صدرووفاقی پارلیمانی سیکرٹری برائے صحت محترمہ ڈاکٹر نوشین حامدکا شکریہ ادا کیا کہ اگرچہ وہ پاکستان تحریک انصاف خواتین ونگ کی صدر تھیں لیکن انہوں نے آزادکشمیر کے انتخابات میں ہر ضلع اورحلقے میں جا کر پارٹی کے امیدواروں کی بھرپور انتخابی مہم چلائی۔ ۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں