مظفرآباد (پی آئی ڈی ) ناظم اعلیٰ لائیو سٹاک ڈاکٹر محمد اعجاز خان نے کہا ہے کہ محکمہ لائیو سٹاک وزیر حکومت سردار میر اکبر خان کی راہنمائی میں وزیر اعظم کے ویژن کے مطابق ریفامز ایجنڈا پر گامزن ہے۔ محکمہ لائیو سٹاک آزادکشمیر میں غربت میں کمی، غذائی قلت اور روزگار کی فراہمی میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔
وزیرلائیوسٹاک نے محکمہ کا قلمدان سنبھالتے ہی ہدایات جاری کیں کہ محکمہ میں ریفارمز لاتے ہوئے لوگوں کو ان کی دہلیز پر لائیو سٹاک سروسز مہیا کی جائیں تاکہ لائیوسٹاک کی پیداوار میں اضافہ کرتے ہوئے کسانوں کے مسائل حل کیے جائیں۔ دفتر ڈی جی لائیو سٹاک سے جاری پر یس ریلیز میں کہا گیا کہ وزیر حکومت کے احکامات کے عین مطابق سابقہ تمام سپیشل ڈیوٹیاں منسوخ کی گئیں۔ فیلڈ سٹاف کو کام پر لگا کر ویکسین مہم،فیلڈ سرگرمیوں کو تیز کرنے کی کوشش کی گئی ہے۔ ایسے افراد جو کام نہ کرنے کے بہانے ڈھونڈتے ہیں وہ مختلف حیلے بہانوں اور اخبارات کے ذریعے وزیر حکومت اور ناظم اعلیٰ لائیو سٹاک کے خلاف منفی پراپیگنڈہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیرلائیو سٹاک کے احکامات کی روشنی میں محکمہ کی تنظیم نو کی جا رہی ہے جو کہ محکمہ کے موجودہ سیٹ اپ سے مختلف اضلاع جن میں لائیو سٹاک کا سیٹ اپ یا ڈسٹرکٹ ایڈمنسٹریشن موجود نہ ہے تو محکمہ کے موجودہ وسائل سے ان اضلاع میں سیٹ اپ قائم کیا جائے گا۔ مختلف مقامات پر وٹرنری آفیسر کی ضرورت ہے، نئی پوسٹوں کی تخلیق تک محکمہ کا موجودہ سٹرکچرسے ایڈمنسٹریشن کی حد تک کام لیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزیر لائیو سٹاک نے جملہ تحصیل ہیڈکوارٹر ز پر وٹرنری آفیسرز تعینات کرنے کے احکامات جاری کیے جس پر واویلا مچایا گیا کہ اسامیاں شفٹ کی جا رہی ہیں جبکہ ایسا کچھ بھی نہیں ہے۔ البتہ جملہ اضلاع میں موجود سیٹ اپ سے بہتر ایڈمنسٹریشن کی خاطر آفیسرز سے کام لیا جائے گا۔ ریاست میں دودھ کی پیدوار میں اضافہ کے لیے وزیر اعظم آزادکشمیر کے ویژن کے مطابق اعلیٰ نسل کی دودھ گائیوں کا پراجیکٹ شروع کیا گیا ہے۔ جس کے لیے ابھی خواہشمند حضرات سے درخواستیں وصول کرنے کا اشتہار شائع کیا گیا لیکن چند عناصر نے منفی پراپیگنڈہ شروع کر دیا۔ ناظم اعلیٰ لائیو سٹاک نے کہا کہ جملہ پراجیکٹس کو پوری ایمانداری سے مکمل کریں گے۔اس کے علاوہ ضلع نیلم، ہٹیاں، حویلی، پلندری اور بھمبر میں محکمہ کے دستیاب سیٹ اپ سے ضلعی سیٹ اپ قائم کیا جائے گا یہ ان کو بطور ناظم اعلیٰ سروس کا اہم ہدف ہے۔ علاوہ ازیں جملہ مویشی پال حضرات کو رجسٹرڈ کیا جا رہا ہے اور ڈیری فارمزایسوسی ایشن قائم کی جا رہی ہے تاکہ کسانوں کو ایک پلیٹ فارم پر اکھٹا کر کے ڈیری کو اپریشن کے تحت ان کے مسائل حل ہوں۔
دیہی مرغبانی کو دوبارہ بحال کرنے کے لیے محکمہ لائیو سٹاک میں ہیچری اور پولٹری فارم اوپریشنل کیے گئے ہیں تاکہ دیہی علاقوں میں ویکسین شدہ اعلیٰ نسل کی انڈوں والی مرغیاں مہیا کی جا سکیں۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں