ممبران کشمیر کونسل کی وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی سے ملاقات،ایوان و کونسل کے معاملات کے حوالے سے تفصیلات بریفننگ

اسلام آباد (پی آئی ڈی آزاد کشمیر) وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی سے ممبران کشمیر کونسل یونس میر، سردار رزاق خان، شجاع راٹھور اور طارق سعید کی ایوان وزیراعظم جموں کشمیر ہاؤس میں ملاقات۔ اس موقع پر ممبران کشمیر کونسل نے وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی کو کونسل کے معاملات کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا۔ کشمیر کونسل کے ممبران نے وزیراعظم کو بتایا کہ تیرہویں ترمیم کے بعد اسمبلی اور کونسل کا مشترکہ اجلاس نہیں بلایا جا سکتا، فنڈز سمیت دیگر مسائل کا بھی سامنا ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے حالات کا تقاضا ہے کہ آزاد کشمیر کی تمام جماعتیں متحد ہو کر تحریک آزادی کیلئے کام کریں، یہی وجہ ہے کہ ریاست کے مفاد میں اپوزیشن کو ساتھ لیکر چلنا چاہتے ہیں تاکہ مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کو اچھا میسج جا سکے، انہوں نے کہا کہ گزشتہ حکومت نے اپنے لیے آسانیاں تلاش کیں لیکن آنے والوں کیلئے مشکلات پیدا کیں، یہی وجہ ہے کہ عام انتخابات میں ان کو عوام نے نہ صرف مسترد کیا بلکہ یہ پیغام بھی دیا کہ ذاتی مفادات کیلئے کام کرنے والوں کا یہی حشر ہو گا، وزیراعظم آزاد کشمیر کا کہنا تھا کہ ریاست کے وقار اور مفاد کو ہمیشہ ترجیح دیتا ہوں، وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کی روشنی اقتدار بھی نچلی سطح پر منتقل کرنے جا رہے ہیں اور عام آدمی کی زندگی بدلنے کیلئے فلاحی منصوبوں پر بھی کام کر رہے ہیں۔

وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے کشمیر کونسل ممبران کے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کروائی اور کہا کہ آئین اور قانون کے مطابق فنڈز سمیت دیگر جائز مطالبات کو پورا کیا جائے گا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں