برطانیہ میں مقیم کشمیری اورپاکستانی مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے ہر فورم پر اپنی آواز بھرپور اندازمیں اُٹھائیں،صدر آزاد کشمیر کی لندن (لیوشیئم) کے میئر توصیف انور سے گفتگو

اسلام آباد (پی آئی ڈی آزاد کشمیر) صدرآزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ بیرون ملک کشمیری اور پاکستانی ڈائسپورہ ہمارا اثاثہ ہیں لہذا آپ لوگ وہاں کی حکومتوں، پارلیمنٹس اور کونسلز میں کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لئے قراردادیں پاس کروائیں اور اسی طرح مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کے خلاف بھی بھرپور آواز اُٹھائیں تاکہ بھارت پر مزید دباؤ بڑھا کر اُسے دفاعی پوزیشن پر لایا جا سکے اور جہاں پر اس طرح ممکن نہیں وہاں پر ای میلز اور خطوط کے ذریعے دنیا کی توجہ مسئلہ کشمیر پر مبذول کروائیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں لندن (لیوشیئم) کے مئیر توصیف انور سے ایک تفصیلی ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ بیرون ملک آباد کشمیری بالخصوص برطانیہ میں مقیم کشمیریوں کا مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اُجاگر کرنے میں اہم کردار ہے اور وہ وہاں کی پارلیمنٹ اور دیگر فورمز پر مسئلہ کشمیر کو جارحانہ انداز میں اجاگر کر رہے ہیں جس کی وجہ سے مسئلہ کشمیر آج ایک اہم موڑ میں داخل ہو چکا ہے لہذا میں برطانیہ میں مقیم کشمیریوں اور پاکستانیوں سے کہوں گا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم کے خلاف اور مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے ہر فورم پر اپنی آواز بھرپور اندازمیں اُٹھائیں کیونکہ دنیا اس وقت مسئلہ کشمیر کو سمجھ چکی ہے اور وہ کشمیریوں کا موقف سننا چاہتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب وقت آ گیا ہے کہ ہمیں اندرون و بیرون ملک مل کر کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لئے موثر انداز میں آواز بلند کرنا ہو گی اس سلسلے میں بیرون ملک آباد کشمیری اور پاکستانی مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کرنے میں اپنا اہم کردار ادا کریں۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close