مظفرآباد (پی آئی ڈی) چیف الیکشن کمشنر آزادجموں وکشمیر جسٹس (ر) عبدالرشید سلہریا اور سینئر ممبر الیکشن کمیشن راجہ محمد فاروق نیاز نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں بلدیاتی انتخابات2022 کیلئے حلقہ بندیوں اور ووٹر فہرستوں کی Updation کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔جملہ اہل ووٹرز اس بات کا یقین کر لیں کہ ووٹر فہرستوں میں ان کا ووٹ شناختی کارڈ میں درج مستقل پتہ پر درج ہے‘ اگر ووٹ درج نہیں تو فوری طور پر اپنا ووٹ درج کرائیں اور آمدہ انتخابات میں ووٹ کا حق استعمال کر کے قومی فریضہ ادا کریں۔
عوام الناس اسسٹنٹ کمشنرز جوکہ بطور رجسٹریشن آفیسرز فرائض انجام دے رہے ہیں کے دفاتر میں اپنا ووٹ درج / اس میں ترمیم یا مستقل پتہ پر منتقل کروا سکتے ہیں۔ ایسے افراد جو گزشتہ عام انتخابات کے بعد فوت ہو چکے ہیں انکے ووٹ کا اخراج کروانا بھی قومی ذمہ داری ہے۔اپنا ووٹ چیک کرنے کیلئے 8302اپنا شناختی کارڈ نمبر بھیجیں۔ اپنے ایک خصوصی بیانات میں انہوں نے کہاکہ حلقہ بندیوں کے حوالہ سے پانچ جنوری تک ابتدائی تجاویز کا مسودہ شائع کر دیا جائے گا اور اس حوالے سے اعتراضات متعلقہ حدبندی اتھارٹیز کے پاس دائر کیے جاسکتے ہیں۔جو افراد 20فروری2022تک شناختی کارڈ کے اہل ہوں گے وہ بھی اپنا ووٹ درج کروا سکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ووٹ ڈالنا ریاستی امور میں عوام کی شمولیت کا مظہر ہے۔
عوام الناس قومی فریضہ کا احساس کرتے ہوئے ووٹ کے اندراج کے حوالے سے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنا ووٹ درج کروائیں۔ اس سلسلہ میں آزادجموں وکشمیر الیکشن کمیشن بھرپور کام کررہا ہے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں