میرپور (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیرسردارعبدالقیوم نیازی نے کہاہے کہ آزادکشمیرمیں جلداور فوری انصاف کی فراہمی کے لیے ججز کی تعیناتیاں میرٹ پرکی جائیں گی۔بار اور بنچ کامضبوط تعلق مظلوم اور محکوم طبقہ کے لیے انصاف کی فراہمی اور داد رسی میں پل کاکرداراداکرتے ہیں۔ وکلاء معاشرے کااہم طبقہ ہیں جنھوں نے قیام پاکستان سے لیکر ہمیشہ ہراول دستہ کاکرداراداکیا۔بلدیاتی نظام سیاسی اور جمہوری نظام کی نرسری ہیں جس کے لیے ہم نے آزاد کشمیرمیں 30 سالہ سے بلدیاتی الیکشن کے التواء کے جمود کو توڑا ہے۔
اس پرآزادجموں وکشمیرسپریم کورٹ کے بھی شکرگزار ہیں کہ انھوں نے بھی بلدیاتی الیکشن کروانے کافیصلہ دیا۔ بلدیاتی الیکشن سابقہ بلدیاتی نظام کے تحت کروائے جائیں گے اور اقتدار کوگراس روٹ لیول تک لے جائیں گے۔ رٹھوعہ ہریام برج، میرپورسوئی گیس،ادارہ ترقیات میرپورمیں اصلاحات، وکلاء کالونی کامعاملہ جلد حل ہوگا۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان جراتمند لیڈرہیں جنھوں نے مسئلہ کشمیرکو ہر فورم پے اٹھایا۔ ان خیالات کااظہار انھوں نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن میرپورکی تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب سے صدرڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن مسعود اے شیخ ایڈووکیٹ اور جنرل سیکرٹری محمدشہزاد چوہدری نے خطاب کیاجبکہ اس موقع پر آزاد کشمیر کے وزیرمواصلات وتعمیرات عامہ چوہدری اظہرصادق، آزادجموں وکشمیربار کونسل کے وائس چیئرمین راجہ فیاض نوابی ایڈووکیٹ، کمشنر میرپورڈویژن چوہدری محمدرقیب خان،ڈی آئی جی چوہدری سجاد حسین، ڈی جی ادارہ ترقیات چوہدری عمران خالد، ڈپٹی کمشنرڈاکٹرعمراعظم، ایس ایس پی کامران علی سمیت وکلاء کی بڑی تعداد موجود تھی۔ قبل ازیں وزیراعظم جب احاطہ کچہری پہنچے توصدربار سمیت وکلاء نے ان کاپرتپاک والہانہ استقبال کیا۔
ان پرپھولوں کی پتیاں نچھاورکی اور انھیں ہار پہنائے۔ وزیراعظم جب ہال میں پہنچے تو وکلاء نے کھڑے ہوکران کااستقبال کیا۔ وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیرسردارعبدالقیوم نیازی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ ہم نے اقتدارسنبھالنے کے بعد گذشتہ حکومتوں کے رکے ہوئے تمام منصوبوں پرکام شروع کروایا۔ دربارسائیں سہیلی سرکارؒ، شاہ سلیمان برج، مظفرآباد فلائی اووراور قبضہ مافیا سے زمینیں چھڑوائیں۔ رٹھوعہ ہریام برج جو گذشتہ کئی حکومتوں کے دوران التواء کاشکارتھا اس کے لیے پی این ڈی میں بجٹ رکھا، اس کانیاڈیزائن بھی منظور کرلیاگیاہے۔اگلے تین چار ماہ میں اس پرکام شروع ہوجائے گا۔رٹھوعہ ہریام برج کے التواء کی وجہ سے جہاں قومی خزانے پرمزید بوجھ بڑھاہے وہاں لوگوں کوبھی سخت اذیت کاسامناکرناپڑاہے۔ مجھے وزارت عظمیٰ کامنصب وزیراعظم پاکستان عمران خان نے سونپاہے۔ میراکوئی ذاتی ایجنڈا نہیں،میراایک ہی ایجنڈا ہے کہ میں وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق وہ مثالی کام کروں جس سے ریاست کے ہرفرد کوبلاتخصیص فائدہ پہنچ سکے۔ انھوں نے کہاکہ مخلوق خدا کی خدمت ہی میرے اصل عزائم ہیں۔
ہماری حکومت کی بنیادی ذمہ داری ہے کہ لوگوں کے لیے انصاف کی جلد فراہمی کے مواقع فراہم کریں۔کمزورطبقہ پرہاتھ ڈالنے کے بجائے مافیاکوقانون کے کٹہرے میں لائیں، اس حوالے سے انتظامیہ کوبھی ہدایات دے دی ہیں کہ ریڑھی والوں کونشانہ نہ بنائیں۔وکلاء برادری معاشرے کا ایسا ستون ہیں جس سے پسے ہوئے مظلوم طبقہ کوداد رسی ملتی ہے۔ اس لیے وکلاء کی عزت بھی زیادہ ہے، وکلاء عدالتوں میں کیسزالتواء کی حوصلہ شکنی کریں۔ انھوں نے کہاکہ آزادکشمیرمیں ججز کی تعیناتی میرٹ پرہوگی اور لوگوں کوانصاف بھی ملے گا۔ انھوں نے کہاکہ ادارہ ترقیات میں اصلاحات کی سخت ضرورت ہے۔ایم ڈی اے کے بڑے گھپلوں کوبے نقاب کیاجائے۔ ڈی جی ادارہ ترقیات ایک شریف النفس اور باصلاحیت شخص ہیں وہ ادارہ ترقیات میں اصلاحات لائیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے وزیراعظم پاکستان عمران خان کابڑاجاندار اور جراتمندانہ موقف ہے۔ او آئی سی کے اجلاس سمیت پارلیمنٹ میں بھی انھوں نے مسئلہ کشمیر کے حوالے سے واضح موقف اختیار کیاہواہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ کشمیری مظلوم قوم نہیں بلکہ وہ ایک بہادراور جراتمند قوم ہے جس نے بھارت کے جابرانہ تسلط کے باوجود اپنے حق کے لیے ڈٹ کرمقابلہ کیااگرکشمیری اپنے آپ کومظلوم سمجھتے تو یہ مسئلہ التواء کاشکار ہوجاتا۔
وزیراعظم نے کہاکہ افغانستان کے مسئلہ پرپارلیمنٹ کے ان کیمرہ اجلاس میں میں نے آزادکشمیرکی نمائندگی کرتے ہوئے کہاکہ مسئلہ کشمیرپربھی ان کیمرہ اجلاس بلایاجائے۔ انھوں نے کہاکہ او آئی سی کے اعلیٰ سطحی وفد کے سامنے بھی واضح کہاکہ اوآئی سی کوکشمیریوں کادرد محسوس کرتے ہوئے مسئلہ کشمیرپرجاندار کردار ادا کرنا چاہیے۔ انھوں نے کہاکہ بلدیاتی نظام سیاسی اور جمہوری نظام کی نرسری ہیں جس کے لیے ہم نے بلدیاتی الیکشن کامشکل سٹپ اٹھایا۔ بلدیاتی الیکشن ہونے سے تمام سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کوعزت وقار ملے گااور پی ٹی آئی کی حکومت اور وزراء کالوکل سطح کے مسائل کابوجھ کم ہوگا۔ اس موقع پرانھوں نے ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے لیے 15 لاکھ روپے دینے کااعلان کیاجبکہ دیگرمسائل کے حل کی بھی یقین دھانی کروائی۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں