پرنٹ والیکٹرنک میڈیا تحریک آزادی کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کریں ،وزیر اطلاعات سردار فہیم ربانی کی پریس فاؤنڈیشن کے نو منتخب ارکان سے گفتگو

میرپور (پی آئی ڈی) آزادکشمیرکے وزیراطلاعات،قانون،انصاف وپارلیمانی امورسردارفہیم اخترربانی نے کہاہے کہ میڈیا ریاست کا چوتھا ستون ہے جس کی ترقی اور استحکام کے لئے حکومت آزاد کشمیر ہر ممکن اقدامات اٹھارہی ہے۔پرنٹ والیکٹرنک میڈیا تحریک آزادی کشمیر کو بین الاقوامی سطح پر اجاگر کریں اور مظلوم کشمیریوں پر ڈھائے جانے والے بھارتی مظالم کو دنیا کے سامنے پیش کریں۔

اخبارات کے اشتہارات کے بلات کی ادائیگی کے لئے کمیٹی قائم کردی ہے۔ڈویژن کی سطع پر اشتہارات کے بجٹ میں اضافہ کریں گے۔صحافیوں کی فلاح و بہبود کے لیے پریس فاؤنڈیشن کی سطع پر مزید اصلاحات لائیں گے تاکہ صحافی برادری مسائل حل ہوسکیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزاد جموں و کشمیر پریس فاؤنڈیشن کے نومنتخب ممبر بورڈ آف گورنر خالد محمود چوہدری کی قیادت میں میڈیا نمائندگان کے ایک وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر آزاد جموں و کشمیر سینٹرل یونین آف جرنلسٹس کے سابق صدر محمد رمضان چغتائی، سابق سیکرٹری پریس کلب اقبال خواجہ،خلیل چوہان،انفارمیشن آفیسر محمد جاوید ملک بھی موجود تھے۔آزادجموں وکشمیر پریس فاؤنڈیشن کے نومنتخب ممبربورڈ آف گورنرچوہدری خالد نے وزیراطلاعات سردار فہیم اخترربانی کو اخبارات کے اشتہارات کی تقسیم،بقایاجات کی ادائیگی، جرنلسٹس کالونی،ڈویژن میر پور اطلاعات کے نارمل بجٹ میں اضافہ،شعبہ اشتہارات میں آسامیوں کی تخلیق سمیت دیگر اہم ایشو پر تفصیلی بریفنگ دی۔

وزیراطلاعات،قانون،انصاف وپارلیمانی امورسردارفہیم اخترربانی نے جملہ مسائل غور سے سنے اور ان کے حل کی یقین دہانی کروائی۔انہوں نے انفارمیشن آفیسرمحمدجاوید ملک کو ہدایت کی کہ اشتہارات کے بقایاجات اور دیگر مسائل کی تفصیل فوری فراہم کریں تاکہ اس اہم ایشو کو حل کیا جاسکے۔وزیراطلاعات نے صحافیوں کویقین دھانی کروائی کہ حکومت آزادکشمیر تحریک آزادی کشمیر سمیت خطہ کی مثالی تعمیروترقی کے لیے سرکاری وسائل قانون وقاعدے کے مطابق استعمال میں لارہی ہے۔قانون وآئین کی بالادستی کو ہرصورت قائم رکھاجائے گا۔ اشتہارات کی تقسیم کومنصفانہ بنائیں گے۔ میرپورڈویژن کے کوٹہ میں اضافہ کریں گے جبکہ صحافیوں کے دیگرمسائل بھی ترجیح بنیادوں پرحل کریں گے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں