وزیراعظم آزادکشمیر کی معصوم کنول مطلوب کے گھرجاکرفاتحہ خوانی اوراظہار تعزیت

ڈڈیال (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزادحکومت ریاست جموں وکشمیرسردارعبدالقیوم نیازی نے گذشتہ ماہ کٹھارڈڈیال سے لاپتہ ہونے کے بعد سفاکانہ قتل ہونے والی معصوم کنول مطلوب کے گھرجاکرفاتحہ خوانی کی اوراظہار تعزیت کیا۔اس موقع پرآزاد کشمیر کے وزیر مواصلات وتعمیرات عامہ چوہدری اظہرصادق، وزیرخوراک چوہدری علی شان سونی،کمشنرمیرپورڈویژن چوہدری محمدرقیب خان، ڈی آئی جی چوہدری سجاد حسین، ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر عمراعظم، ایس ایس پی کامران علی، پی ٹی آئی کے راہنماخان ظفرخان، ضلعی انفارمیشن سیکرٹری پی ٹی آئی عدنان بہزاد،امتیاز حسین راجہ ایڈووکیٹ، پی ٹی آئی خواتین ونگ کی راہنما سمیراساجدبھی موجود تھے۔

وزیراعظم آزادکشمیرسردارعبدالقیوم نیازی نے کنول مطلوب کی والدہ اور بھائی نبیل کے ساتھ اظہارتعزیت کرتے ہوئے کہاکہ کنول مطلوب ان کی ہی نہیں بلکہ ریاست کی بیٹی تھی جس کے دکھ میں ہم سب برابر کے شریک ہیں۔معصوم کنول مطلوب کے لاپتہ ہونے کی اطلاع وزیرمواصلات و تعمیرات عامہ چوہدری اظہر صادق کے ذریعے اس المناک واقعہ کی اطلاع جونہی مجھے ملی تو میں نے فوری طور پراس واقعہ پرانتظامیہ اور پولیس کوہدایات دیں کہ لاپتہ ہونے والی بچی کی جدید خطوط پر پولیس انکوائری کروائی جائے۔ یہ کیس اگر چہ حکومت کے لیے ٹیسٹ کیس تھاتاہم ہماری انتظامیہ اورپولیس نے واقعہ میں ملوث درندہ صفت ملزم کو گرفتار کرکے معصوم کنول کی نعش برآمد کرلی۔ انھوں نے عوام علاقہ سے گفتگوکرتے ہوئے کہاکہ اگر حکمران مخلص ہوں توانتظامیہ بھی اپنے فرائض احسن طریقے سے اداکرتی ہے، میں عوام علاقہ کویقین دلاتاہوں کہ انھیں مکمل تحفظ فراہم کیاجائے گا۔کنول مطلوب کیس میں ملوث ملزم کو کیفرکردار تک پہنچانے کے لیے کے لئے تمام قانونی تقاضے پورے کرنے کے بعد ملزم کوعبرت ناک سزاضرور ملے گی تاکہ آئندہ اس طرح کے گھناؤنے جرم کاکوئی مرتکب نہ ہوسکے۔

انھوں نے انتظامیہ،پولیس اور بالخصوص وزیرمواصلات چوہدری اظہرصادق کی نگرانی میں اس واقعہ میں ملوث ملزم کوکیفرکردارتک پہنچانے پرکارکردگی کوسراہااور کہاکہ جرائم پیشہ افراد کے خلاف ہماری انتظامیہ اور پولیس کسی قسم کی سستی یاغفلت نہیں کرے گی،قانون شکن افراد کوکیفرکردار تک پہنچاناحکومت کی ذمہ داری ہے۔ اس موقع پروزیرمواصلات وتعمیرات عامہ چوہدری اظہرصادق نے وزیراعظم سردارعبدالقیوم نیازی کاشکریہ اداکرتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم نے اس واقعہ کانوٹس لیتے ہوئے نہ صرف انتظامیہ اور پولیس کوہدایات دیں بلکہ اس وقعہ کے متعلق وہ پل پل کی خبرلیتے رہے۔ بعد ازاں واقعہ کے متعلق ایک کمیٹی بھی تشکیل دی اور آزادکشمیرکے ماہرقانون وکلاء کوبھی کیس کی پیروی کے سلسلہ پرمامورکیاتاکہ قانون کے مطابق تمام تقاضے پورے کیے جائیں اور واقعہ میں ملوث ملزم کوکڑی سے کڑی سزادلوائی جاسکے۔ قبل ازیں وزیراعظم نے ایس پی ریٹائرڈ سردارافسرمرحوم کی زوجہ محترمہ اور سابق وزیرحکومت سردارفاروق سکندر کی خوشدامن کی وفات پران کے گھرجاکرفاتحہ خوانی کی اور سوگواران سے دلی تعزیت کااظہارکیا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close