عالمی سطح پرکشمیر کی تحریک اوورسیز کشمیری کمیونٹی کی مرہون منت ہے،آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود کا استقبالیہ سے خطاب

میرپور (پی آئی ڈی) صدرآزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر آزادی کا بیس کیمپ ہے۔تحریک آزادی کشمیر کی کامیابی کے لیے جدوجہد کرنا ہی ہماری پہلی اور آخری ترجیح ہے۔موجودہ حالات اس بات کے متقاضی ہیں کہ ہم بین الاقوامی سطح پر کشمیر ایشو کو جارحانہ انداز میں اجاگر کریں۔انہوں نے کہا کہ برطانیہ، یورپ، امریکہ سمیت آج اگر بین الاقوامی سطح پر مسئلہ کشمیرزندہ ہے تو یہ اوورسیز کشمیری کمیونٹی کی مرہون منت ہے۔

میری عالمی سطح پر کشمیر ایشو کو اجاگر کرنے کی جدوجہد میں اوورسیز کمیونٹی بنیادی اور کلیدی کردار ادا کرتی ہے۔گزشتہ حکومتوں نے دانستہ طور پر میرپور کو تعمیر و ترقی کے حوالے سے محروم رکھا۔پاکستان تحریک انصاف کی حکومت میں میرپور کی محرومیوں کا ازالہ کریں گے۔ میرپور کھڑی شریف میں عوامی مفادات پر مشتمل بڑے منصوبوں پر کام شروع کیا جائے گا۔ نوجوانوں کو میرٹ پر روزگار فراہم کریں گے۔ عوام کو درپیش مسائل کو حل کیا جائے گا۔ان خیالات کا اظہار صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اعزازی صدارتی مشیر برائے آئر لینڈ پیر شیراز کی رہائش گاہ عبدو پور کھڑی شریف میں اپنے اعزاز میں منعقدہ استقبالیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

استقبالیہ تقریب سے اعزازی مشیر برائے صدر پیر شیراز حسین نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے پیر شیراز حسین کو اعزازی مشیر برائے صدر ریاست کا باقاعدہ نوٹیفکیشن بھی دیا۔ صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ پیرشیراز حسین اور ان کے خاندان سے میرا سیاسی نہیں ذاتی رشتہ ہے یہ الیکشن میں بھی آئے تھے اور فتح کے جھنڈے گاڑ کر واپس آئر لینڈ چلے گئے تھے۔آئر لینڈ اور جرمنی میں ہونے والے دونوں ملین مارچ کی کامیابی میں پیر شیراز کا کلیدی کردار تھا۔ بین الاقوامی سطح پر کشمیر ایشو کے لیے میری جدوجہد میں یہ پیش پیش رہتے ہیں۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close