وزیراعظم آزاد کشمیر کی پلندری میں ایم ایل اے نبیلہ ایوب کے گھرآمد، بھائی کے انتقال پر اظہارِ تعزیت اور فاتحہ خوانی

پلندری (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے گزشتہ روز پلندری میں رکن قانون ساز اسمبلی نبیلہ ایوب کے گھر جاکر ان کے بھائی کے انتقال پر اظہارِ تعزیت کیا اور فاتحہ خوانی کی۔ اس موقع پر وزیر حکومت سردار محمد حسین اور تحریک انصاف پلندری کی مقامی قیادت بھی موجود تھی۔

بعد ازاں وزیراعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے پلندری ریسٹ ہاوس میں تحریک انصاف کے کارکنان سے ملاقات کی۔ کارکنان نے اپنے علاقوں کے مسائل سے وزیراعظم کو آگاہ کیا۔ اس موقع پر وزیر بہبود آبادی سردار محمد حسین نے وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی کو پلندری میں جلسہ عام کی دعوت دی جسے وزیراعظم نے قبول کر لیا، جلسے کے مقام اور تاریخ کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔کارکنان سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہاکہ گزشتہ تیس سال تک کوئی بلدیاتی الیکشن نہ کرا سکا، ہم نے اقتدار میں آتے ہی بلدیاتی الیکشن کا اعلان کیا اور اس کو عملی جامہ پہنانے کیلئے دن رات کام کیا، آج بلدیاتی الیکشن کا بگل بج چکا، عوام تحریک انصاف کی طرف دیکھ رہی ہے، کارکنان بھرپور الیکشن کی تیاریاں کریں، انشاء اللہ اقتدار نچلی سطح پر منتقل کر کے ترقی کی نئی منازل کی طرف بڑھیں گے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close