آزادکشمیر، بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی تیاریوں کےلیے کمشنر مظفرآباد ڈویژن مسعود الرحمن کی زیرصدارت اجلاس

مظفرآباد (پی آئی ڈی) آزادجموں و کشمیر الیکشن کمیشن کے احکامات کی روشنی میں بلدیاتی انتخابات 2022 کے انعقاد کی تیاریوں کے سلسلہ میں کمشنر مظفرآباد ڈویژن مسعود الرحمن کی زیرصدارت اعلی سطحی اجلاس کا انعقاد۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر مظفرآباد ندیم احمد جنجوعہ، ڈپٹی کمشنر نیلم شوکت خان یوسفزئی،ڈپٹی کمشنر جہلم ویلی سردار طارق خان، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر (جنرل)مظفرآباد سیدفداحسین کاظمی، ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ بابرمنہاس،

اسسٹنٹ الیکشن کمشنر جہلم ویلی شیخ عبدالحکیم،ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر مظفرآباد محمد آصف مغل،ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر نیلم میاں عبدالباسط، اسسٹنٹ کمشنر مظفرآباد عبدالقادر، اسسٹنٹ کمشنر پٹہکہ نصیرآباد قاضی وسیم احمد، اسسٹنٹ کمشنر اٹھمقام سید عمران عباس نقوی، اسسٹنٹ کمشنر شاردہ راجہ محمد عظیم خان، اسسٹنٹ کمشنر لیپہ احمدسبحانی، اسسٹنٹ کمشنر چکار سیدشوکت حسین گیلانی، ایکسٹرا اسسٹنٹ کمشنر مظفرآباد شہزاد نسیم عباسی، ایکسٹرا اسسٹنٹ کمشنر اٹھمقام خواجہ محمد سلطان، تحصیلدار مظفرآباد سید صابرحسین نقوی، تحصیلدار پٹہکہ نصیرآباد راجہ بلال رشیدو دیگر نیشرکت کی۔ اجلاس میں ڈپٹی ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ بابرمنہاس اور ڈپٹی ڈائریکٹر لینڈیوز پلاننگ عبدالواحدنے نوٹیفائیڈ یونین کونسل کے اعداد وشمار اور وارڈ بندی / حلقہ بندی کے قانونی طریقہ کار سے متعلق بریفنگ دی۔اجلاس میں کمشنر مظفرآباد ڈویژن مسعود الرحمن نے شرکاء اجلاس کو بتایا کہ عدالت العظمیٰ کے فیصلہ کی روشنی میں الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کے متعینہ مدت کے اندر انعقاد کے انتظامات کی ذمہ داری انتظامیہ کو سونپی ہے جسے دیانتداری،فرض شناسی اور قانون کی کامل تفہیم کے ساتھ سرانجام دینے میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہ کیا جائے اور حلقہ بندی، ووٹر رجسٹریشن اور وارڈ بندی کاکام بروقت مکمل کیا جائے۔

کمشنر مظفرآباد ڈویژن نے ڈپٹی کمشنر ز اضلاع کوتمام متعلقہ عملہ کو حلقہ بندی کے کام پر مامور کرنے، متعلقہ ضلع اور تحصیل میں عوامی آگاہی اور تعاون کے حصول کی خاطر معززین علاقہ اور سیاسی زعما سے فوری مشاورت شروع کرنے کی ہدایت کی۔کمشنر مظفرآباد نے کہا کہ حسب ضرورت پریس کانفرنسز کا انعقاد کیا جائے اور عوام کو بلدیاتی انتخابات کے انعقاد اور اس کی افادیت سے آگاہ کیا جائے۔ کمشنر مظفرآباد ڈویژن نے مزید کہا کہ بلدیاتی انتخابات کیلئے ووٹررجسٹریشن اور حلقہ بندی کا عمل شروع ہوچکا ہے۔ جس کیلئے ووٹوں کے اندراج اور حلقہ بندی کے عمل میں عوام کی شمولیت یقینی ہے۔ لہذا عوامی آگاہی کیلئے جامع معلوماتی مہم شروع کی جائے۔ڈپٹی کمشنر ز نے اجلاس میں اس عزم کا اعادہ کیا کہ عام انتخابات کی طرح بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کی ذمہ داری محنت، لگن اور دیانتداری سے سرانجام دیں گے اور حلقہ بندی اور ووٹررجسٹریشن کے عمل میں عوام کی بھرپور شمولیت کو یقینی بنائیں گے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close