میرپور (پی آئی ڈی) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ پاک فوج ملکی سلامتی کی ضامن ہے پوری دنیا پاکستان کی فوج کی پیشہ وارانہ صلاحیتوں کی معترف ہے۔ ہم اپنی فوج پر فخر کرتے ہیں۔ کیڈٹ کالج میرپور کے کیڈٹس کل پاک فوج میں بڑے عہدوں پر پہنچ کر ملک و قوم کا نام روشن کریں گے۔ آزاد کشمیر آزادی کا بیس کیمپ ہے یہاں پر کیڈٹ کالج ہونا بھی ایک پیغام ہے۔ میں جب وزیراعظم تھا تو میں نے 1996 میں پلندری میں کیڈٹ کالج بنایا پلندری کیڈٹ کالج کا معیار کچھ ہی عرصے میں پاکستان کے بہترین کیڈٹ کالجوں میں ہونے لگا۔ آج بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی سالگرہ ہے قائد اعظم محمد علی جناح نے دو قومی نظریہ پیش کر کے ملک پاکستان کی بنیاد رکھی۔
پاکستان واحد ملک ہے جو مذہب کی بنیاد پر قائم ہوا۔قائد اعظم نے دو قومی نظریہ پیش کر کے ثابت کیا کہ مسلمان اور ہندو ایک ساتھ نہیں رہ سکتے۔آج ضرورت اس بات کی ہے کہ ہم قائد اعظم محمد علی جناح کی فکر و فلسفہ کی روشنی میں ملک و قوم کی خدمت کریں۔ ان خیالات کا اظہار صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کیڈٹ کالج میرپور میں یوم والدین کی تقریب میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کالج کے پرنسپل میجرر تاج نے سپاس نامہ پیش کیا۔ اس موقع پر کالج کے طلباء نے مختلف موضوعات پر تقاریر کیں اور ٹیبلو پیش کیے۔ جمناسٹک کا بہترین مظاہرہ کیا کیڈٹس کی جانب سے پیریڈ کا خوبصورت مظاہرہ بھی کیا گیا۔
صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے تقریب کے دوران کالج کے طلبا میں انعامات بھی تقسیم کیے اس سے قبل صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری جب کیڈٹ کالج میرپور کی تقریب میں پہنچے تو کیڈٹ کالج میرپور کے انچارج میر افضل کی قیادت میں صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر کا شاندار استقبال کیا گیا۔صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ کیڈٹ کالج میرپور اپنی مدد آپ کے تحت چل رہا ہے۔کالج میں کیڈٹس کی کارکردگی دیکھ کر دلی مسرت ہوئی ہے کالج کے کیڈٹس کا معیار ہر اعتبار سے قابل تحسین اور ہر لحاظ سے قابل تعریف ہے۔ میری نیک خواہشات اس ادارے کے ساتھ ہیں انشا ء اللہ کیڈٹ کالج میرپور مستقبل میں مزید ترقی و کامیابی کی منازل طے کرے گا۔ ۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں