وزیراعظم آزادکشمیر سے وزیراعظم پاکستان کے مشیر برائے تجارت کی وفد کے ہمراہ ملاقات ، آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کے امور پر تبادلہ خیال

اسلام آباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی سے وزیراعظم پاکستان کے مشیر برائے تجارت صاحبزادہ عامر جہانگیر نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ملاقات میں اوورسیز کشمیریوں کے مسائل، آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔صاحبزادہ عامر جہانگیر نے کہا کہ وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی وزیراعظم پاکستان کا بہترین انتخاب ثابت ہو رہے ہیں جسے آزاد کشمیر سمیت پاکستان بھر میں سراہا جا رہا ہے۔

اس موقع پر وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان نے اوورسیز پاکستانیوں اور کشمیریوں کو سہولیات فراہم کرنے کیلئے تاریخی اقدامات کیے جن کی ماضی میں مثال نہیں ملتی، وزیراعظم عمران خان نے اوورسیز پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا، اوورسیز پاکستانی قیمتی اثاثہ ہیں جو ملک کی تعمیر و ترقی میں بھرپور کردار ادا کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز کشمیریوں کو بھی ووٹ کا حق دینے جا رہے ہیں جلد قانون سازی بھی کر لی جائے گی، یورپ اور امریکہ میں مقیم کشمیری تحریک آزادی کیلئے بھی سرگرم رہتے ہیں۔

وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے کہا کہ آزاد کشمیر میں مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، بیرون ملک مقیم کشمیری سیاحت، ہائیڈل اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کر سکتے ہیں، سرمایہ کاروں کو ساز گار ماحول فراہم کریں گے۔۔۔۔

close