وزیراعظم آزادکشمیر نے محکمہ زراعت کے زیر اہتمام شوکت لائن مظفرآباد میں تعمیر کیے گئے گلشن گلاب فیملی پارک کا افتتاح کر دیا

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے محکمہ زراعت کے زیر اہتمام شوکت لائن مظفرآباد میں تعمیر کیے گئے گلشن گلاب فیملی پارک کا افتتاح کر دیا۔ گلشن گلاب فیملی پارک14.665 ملین روپے کی لاگت سے 8کنال رقبے پر بنایا گیا ہے جس میں پھولوں کی نایاب اقسام اگائی گئی ہیں۔ افتتاح کے موقع پر ڈائریکٹرجنرل زراعت خواجہ خورشید لون نے وزیراعظم کو پارک کے حوالہ سے بریفنگ دی۔ افتتاح کے بعد وزیراعظم نے پارک میں پودا بھی لگایا اور پارک کا معائنہ کیا۔

اس موقع پر وزیر زراعت، لائیو سٹاک‘ آبپاشی و اسماء سردار میر اکبر خان،ممبر کشمیر کونسل خواجہ طارق سعید، سیکرٹری زراعت، لائیو سٹاک،آبپاشی و اسماء عطا اللہ عطا،سیکرٹری پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ محمد بشیر بٹ،ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال،ڈائریکٹر جنرل زراعت خواجہ خورشید لون، چیئرمین ڈویلپمنٹ اتھارٹی مظفرآبادسید اظہر گیلانی، ڈائریکٹرجنرل وزیراعظم سیکرٹریٹ محسن علی اعوان اور کمشنر مظفرآبادمسعود الرحمان بھی موجود تھے۔وزیر اعظم کا افتتاحی تقریب آمد پر اہلیان علاقہ نے شاندار استقبال کیا، ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کیں اور شکریہ شکریہ سردار عبدالقیوم نیازی آپ کا شکریہ کے فلک شگاف نعرے لگائے۔ بعد ازاں افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کہاکہ شہر کی خوبصورتی کو برقرار رکھنے اور شہریوں کو صحت افزاء ماحول وسیر تفریح کیلئے پارک ناگزیر ہیں۔ اس پارک کی بروقت تکمیل پر محکمہ زراعت کو مبارکباد دیتا ہوں، یہاں پر پارک کی ضرورت تھی۔وزیراعظم نے کہاکہ مظفرآباد ہم سب کا شہر اور آزادکشمیر کا چہرہ ہے، دارلحکومت کی کی خوبصورتی کیلئے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔مظفرآباد سمیت آزادکشمیر کے دیگر علاقوں میں مزید تفریحی پارکس بنائے جائیں گے۔ نیلم سٹیڈیم کو بھی جلد عوام کی تفریح کے لئے کھول دیا جائے گا۔ مظفرآباد میں پانی کے مسائل کے حل کیلئے جلد واٹر فلٹریشن پلانٹ نصب کریں گے۔ مظفرآباد کو دارلحکومت کے شایان شان بنانے کیلئے فنڈز کی کوئی کمی نہیں ہونے دیں گے۔شاہ سلطان پل اور سی ایم ایچ فلائی اوور کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے جس کی میں خود مانیٹرنگ کررہا ہوں۔

انہوں نے کہاکہ تحریک انصاف کی حکومت نے عمران خان کے ویژن کے مطابق آزادکشمیر میں حکومت سنبھالنے کے بعد ترقیاتی منصوبوں پر کام کی رفتار کو تیز کر دیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ عمران خان کا بلین ٹری سونامی منصوبہ ماحولیاتی مسائل کے تدارک کے حوالہ سے دنیا کو نمبر ون منصوبہ ہے۔ آزادکشمیر میں تیس سال بعد تحریک انصاف کی حکومت بلدیاتی انتخابات کے ذریعے اقتدار کو گراس روٹ لیول پر منتقل کرنے جارہی ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ عوام کی سہولت کیلئے بلا تفریق کام کریں تاکہ لوگوں کو ریلیف ملے۔ انہوں نے کہاکہ قبرستان کے مسئلے کے حل کیلئے مقامی کمیونٹی جگہ تجویز کرے انتظامیہ کو اس سلسلہ میں ہدایت کر دی ہے۔افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر زراعت سردار میر اکبر خان نے کہاکہ اس پارک کی بروقت تکمیل پر سیکرٹری زراعت اور ڈی جی زراعت کو مبارکباد دیتا ہوں۔ آزادکشمیر بھر میں محکمہ زراعت اس طرح کے مزید پارکس بنائے گا۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم کی خصوصی دلچسپی سے محکمہ زراعت کو ترقیاتی منصوبوں کیلئے فنڈز مل رہے ہیں۔ یہاں آنے پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

گلشن گلاب فیملی پارک کل سے شہریوں کیلئے کھول دیا جائیگا۔ ممبر کشمیر کونسل خواجہ طارق سعید نے پارک کی بروقت تکمیل پر کمیونٹی کی جانب سے وزیراعظم آزادکشمیر کا شکریہ ادا کیا اور محکمہ زراعت کے ذمہ داران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ اہل علاقہ کو اس پارک کی بہت ضرورت تھی۔سیکرٹری زراعت عطااللہ عطا نے وزیراعظم آزادکشمیر کا گلشن گلاب فیملی پارک آمد پرخیر مقدم کرتے ہوئے کہاکہ وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی کے ویژن کے مطابق محکمہ زراعت پوری تندہی سے کام کررہا ہے۔ مظفرآباد میں DAMکے ساتھ مل کر باری دری کو بھی فعال بنا کر تفریحی مقام بنایا جائے گا جبکہ بھمبر میں بھی اس طرح کا پارک بنایا جارہا ہے۔ ڈائریکٹرجنرل زراعت خواجہ خورشید احمد لون نے کہاکہ نیشنل پروگرام کے تحت محکمہ زراعت کے شعبہ پارکس اینڈ ہارٹیکلچر نے چالیس پارکس تجویز کیے ہیں جن کی منظوری سے آزادکشمیر بھر میں شہریوں کی تفریح کیلئے پارکس بنائے جائیں گے۔چیئرمین ڈویلپمنٹ اتھارٹی مظفرآباد سید اظہر گیلانی نے کہاکہ وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی کے ویژن کے مطابق مظفرآباد کو دارلحکومت کے شایان شان بنانے کیلئے ڈویلپمنٹ اتھارٹی پوری تندہی سے کام کررہی ہے۔ وزیراعظم کی ہدایت کے مطابق ڈیم نے کل کے بجائے آج پر فوکس کیا ہے۔ ماضی میں مظفرآباد شہر کی خوبصورتی جانب اگر توجہ دی جاتی تو آج مظفرآباد پھولوں کا شہر ہوتا۔ انہوں نے کہاکہ مظفرآباد کی خوبصورتی کیلئے نلوچھی میں مانومنٹ اور مختلف مقامات پر فاؤنٹین نصب کی جائیں گے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close