چیف الیکشن کمشنرآزاد کشمیر کا بلدیاتی الیکشن کے حوالے سے اجلاس ،23 دسمبرکو حلقہ بندیوں کا شیڈول جاری کر دیا جائے گا، فیصلہ

مظفرآباد (پی آئی ڈی) چیف الیکشن کمشنرآزاد جموں وکشمیر جسٹس (ر) عبدالرشید سلہریا کی زیر صدارت بلدیاتی الیکشن کے انعقاد کے حوالہ سے اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں سینئر ممبر الیکشن کمیشن راجہ محمد فاروق نیاز، ممبر فرحت علی میر، آزاد کشمیر کے ڈویژنل کمشنرز، سیکرٹری الیکشن کمیشن محمد غضنفر خان اور دیگرمتعلقہ حکام نے شرکت کی۔

اجلاس میں چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں وکشمیر جسٹس (ر) عبدالرشید سلہریا نے عدالت عظمیٰ کے فیصلہ کی روشنی میں تینو ں ڈویژن کے کمشنرز کو حلقہ بندیوں کے لئے نگران مقرر کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ مورخہ 23 دسمبر 2021کو حلقہ بندیوں کے حوالہ سے شیڈول جاری کر دیا جائے گا۔ جس کے مطابق تمام ڈپٹی کمشنرز اور اسسٹنٹ کمشنرز حلقہ بندی کمیٹی میں شامل ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنر ز صاحبان حلقہ بند ی کمیٹیوں کے چیئرمین ہوں گے۔ چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ حلقہ بندی کمیٹی کو اختیار حاصل ہو گا کہ وہ کسی بھی آفیسر کو ضرورت کے پیش نظر ممبر کمیٹی حلقہ بندی مقرر کر سکتے ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر نے مزید ہدایت کی کہ مطابق شیڈول حلقہ بندی مقرر ہ وقت کے اندر ہر صورت مکمل کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو ارسال کی جائیں تاکہ نوٹیفکیشن جاری ہو سکے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close