آزاد کشمیر الیکشن کمیشن، عام انتخابات میںڈویژنل و ضلعی افسران کی خدمات کے اعتراف میں شیلڈز اور سرٹیفکیٹس کی تقسیم کی تقریب

مظفرآباد (پی آئی ڈی) الیکشن کمیشن آزاد جموں وکشمیر کی جانب سے آزادکشمیر کے عام انتخابات 2021ء میں آزاد کشمیر کی ڈویژنل و ضلعی آفیسران کی خدمات کے اعتراف میں شیلڈز اور سرٹیفکیٹس کی تقسیم کے حوالہ سے شاندار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب میں چیف الیکشن کمشنر آزاد جموں وکشمیر جسٹس (ر) عبدالرشید سلہریا، ممبران ا لیکشن کمیشن راجہ محمد فاروق نیاز، فرحت علی میر، چیف سیکرٹری شکیل قادر خان، انسپکٹر جنرل پولیس سہیل حبیب تاجک، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو احسان خالد کیانی، سیکرٹری صاحبان حکومت، ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال، پولیس کے ڈی آئی جیز، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز اور پولیس آفیسران بھی موجود تھے۔

تقریب میں چیف سیکرٹری آزادکشمیر شکیل قادر خان اور سینئر ممبر الیکشن کمیشن آزاد جموں وکشمیر راجہ محمد فاروق نیاز نے الیکشن 2021میں فرائض انجام دینے والے ڈویژنل و ضلعی آفیسران میں شیلڈز اور سرٹیفکیٹس تقسیم کیے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری آزادکشمیر شکیل قادر خان نے کہا کہ عام انتخابات 2021میں پوالٹیکل، جغرافیائی اور بہت سے چیلنجز کاسامنا تھا لیکن آزادکشمیر کے تمام اداروں نے اس چیلنج سے نبردآزما ہونے کے لئے بھرپور کردار ادا کیااور کامیاب الیکشن کا انعقاد ممکن ہو سکا۔انہوں نے کہا کہ میں اس موقع پر الیکشن کمیشن، انتظامیہ اور تمام متعلقہ اداروں کو کامیاب الیکشن کے انعقاد پر مبارکباد دیتا ہوں۔ چیف سیکرٹری نے کہا کہ آمدہ بلدیاتی انتخابات بھی اچھے طریقے سے ہوں گے۔ بلدیاتی الیکشن کے لئے وسائل مہیا کریں گے اور انتظامیہ اور تمام سرکاری ادارے بلدیاتی الیکشن کے انعقاد میں تعاون کریں گے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر ممبر الیکشن کمیشن راجہ محمد فاروق نیاز نے کہا کہ سیکرٹریز حکومت، انتظامیہ اور تمام اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ تما م اداروں نے 2021کے الیکشن میں بخوبی اپنے فرائض انجام دئیے اور کامیاب الیکشن کا انعقاد ممکن ہوا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن 2021ایک چیلنج تھا جس سے سب نے ملکر نبردآزما ہوئے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انسپکٹر جنرل پولیس سہیل حبیب تاجک نے کہا کہ 2021کے الیکشن مشکل ترین الیکشن تھے لیکن الیکشن کمیشن، انتظامیہ، پولیس اور دیگر تمام اداروں نے ملکر کامیاب کروایا۔ انہوں نے کہا کہ وسائل کی کمی کے باوجود تمام اداروں نے عمدہ کام کیا اور ایک مشکل کام کو آسا ن کر دیا۔ آخر میں چیف الیکشن کمشنر جسٹس (ر) عبدالرشید سلہریا نے چیف سیکرٹری آزادکشمیر شکیل قادر خان اور انسپکٹر جنرل پولیس سہیل حبیب تاجک کو یاد گاری سوینئر بھی دئیے۔ ۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close