اسلام آباد (پی آئی ڈی آزاد کشمیر) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ برطانوی پارلیمنٹ مسئلہ کشمیر کو اُٹھانے کے سلسلے میں اپنا اہم کردار ادا کر سکتی ہے اس سلسلے میں برطانوی ممبران پارلیمنٹ نہ صرف برطانوی وزیر خارجہ بلکہ برطانوی پارلیمنٹ و حکومت اور یورپین پارلیمنٹ میں بھی اپنا اثر و رسوخ استعمال کر کے یورپ کی حکومتوں سے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی رکوانے کے لئے دباؤ ڈلوا سکتے ہیں۔
ویسے بھی برطانیہ اور یورپ انسانی حقوق کے چیمپئن ہیں، یقینی طور پرنہ صرف مقبوضہ کشمیر میں جاری مظالم بلکہ بھارت میں مقیم اقلیتوں کے ساتھ نا روا سلوک کے خلاف بھی اپنی آواز بلند کریں۔ پہلے لیبر پارٹی کے منشور میں مسئلہ کشمیر شامل تھا جو کہ اب نہیں ہے لہذا لیبر پارٹی کے ممبران پارلیمنٹ اسے دوبارہ لیبر پارٹی کے منشور میں شامل کرانے کے لئے اپنی کوششیں کریں۔ میں نے اکتوبر میں برطانوی پارلیمنٹ میں خطاب کیا جس میں پچاس سے زائد ممبران موجود تھے اوران ممبران پارلیمنٹ نے مقبوضہ کشمیر میں جاری بربریت کی مذمت کی۔ کشمیریوں کو برطانوی پارلیمنٹ سے بڑی توقعات ہیں لہذا برطانوی پارلیمنٹ کشمیریوں کے حق خودارادیت کے لئے اپنا رول ادا کرے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں برطانوی ممبر پارلیمنٹ و برطانوی لیبر پارٹی کی ڈپٹی لیڈر انجیلارینر(Angela Rayner) اور برطانوی ہاؤس آف لارڈز کے رکن لارڈ واجد سے تفصیلی ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر طانوی ممبر پارلیمنٹ و برطانوی لیبر پارٹی کی ڈپٹی لیڈر انجیلارینر(Angela Rayner) اور برطانوی ہاؤس آف لارڈز کے رکن لارڈ واجد نے صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو اُن کی مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی کاوشوں پراپنی اور بالخصوص برطانوی ڈائسپورہ کی طرف سے ایک یادگاری شیلڈ بھی پیش کی۔ اس موقع پر صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ برطانوی پارلیمنٹ مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالی رکوانے کے لئے اپنا کردار ادا کرے اور اس سلسلے میں جہاں برطانوی ممبران پارلیمنٹ اپنی پارلیمنٹ اور حکومت سے کردار ادا کرنے کے لئے کہیں وہاں یورپین پارلیمنٹ اور یورپ کی حکومتوں سے بھی اس سلسلے میں رول ادا کرنے کے لئے کہیں۔
انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کو برطانوی پارلیمنٹ سے بڑی امیدیں وابستہ ہیں لہذا برطانیہ مسئلہ کشمیر کے حل اور مقبوضہ کشمیر میں جاری بربریت کو رکوانے کے لئے اپنا اثر و رسوخ استعمال کرے۔ ۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں