محتسب آزاد کشمیر کی ہدایت پر محکمہ مال نے پٹواری کو ایک سال کی تنخواہ ادا کر دی

مظفرآباد (پی آئی ڈی) آزاد جموں وکشمیر محتسب (اومبڈسمین) کی جانب سے جاری ہونے والی پریس ریلیز میں کہا گیا ہے کہ محتسب آزاد جموں و کشمیر کی ہدایت پر محکمہ مال نے شکایت گزارکو ادائیگی کر دی۔تفصیلات کے مطابق شکایت کنندہ محمد اشرف حسین پٹواری نے ادارہ محتسب میں شکایت دائر کرتے ہوئے مؤقف اختیار کیا تھا کہ حکم جناب کمشنر محررہ 11-02-2015و حکم ڈپٹی کمشنر محررہ 06-03-2015کے تحت مورخہ 24-12-2013سے مورخہ 28-03-2015تک وہ حاضر دفتر ضلع رہا۔

بروئے حکم ڈپٹی کمشنر محررہ 28-03-2015دفتر ضلع سے تبدیل ہو کر دفتر تحصیلدار سماہنی تعینات کیا گیا۔ جس کی تعمیل میں وہ دفتر تحصیلدار سماہنی حاضر ہوا اور تاحال اپنی ڈیوٹی پر حاضر چلا آ رہاہے مگر عرصہ ایک سال 08دن کی تنخواہ ادا نہیں کی گئی بدیں وجہ وجوع عدالت ہونا پڑا وغیرہ۔ دوران تحقیقات شکایت گزار کی شکایت درست ہونے کی بناء پر ایجنسی (محکمہ مال)کو ہدایت کی گئی کہ شاکی کے ایڈجسٹمنٹ کے حکم سے لے کر تاحال تنخواہ کی ادائیگی کی جا کر تعمیلی رپورٹ ادارہ ہذا کو فراہم کی جائے۔ موجودہ مرحلہ پر محکمہ نے رپورٹ ارسال کی ہے کہ شاکی کی شکایت کا ازالہ کر دیا گیا ہے جس کی تصدیق شاکی نے بھی اپنی درخواست محررہ 18-11-2021میں کر دی ہے۔

اس طرح ادارہ محتسب کی کاوش سے شکایت کنندہ کی داد رسی ہو چکی ہے جس پر شکایت کنندہ نے جناب محتسب اور ادارہ محتسب کے سٹاف کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔۔۔۔

close