اسلام آباد(پی آئی ڈی) وزیراعظم آزادجموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ وکلاء کا پیشہ انتہائی مقدس ہے وکلاء کے لیے یہ فخر کا مقام ہے کہ اس پیشے سے بانی پاکستان حضرت قائداعظم محمد علی جناح اور مفکر پاکستان حضرت علامہ محمد اقبال بھی منسلک رہے۔ آزادکشمیر سے کرپشن اور تعصب کی سیاست کو ختم کرنے کے لئے بھی وکلاء کا کردار اہمیت کا حامل ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جموں کشمیر ہاوس اسلام آباد میں ڈسٹر کٹ بار ایسوسی ایشن میرپور کے صدر شیخ مسعود اور جنرل سیکرٹری چوہدری شہزاد کی قیادت میں ملاقات کرنے والے وفد سے بات چیت کرتے ہوے کیا۔اس موقع پر صدر ڈسٹرکٹ بار میرپور نے وزیراعظم کو میرپور بار ایسوسی ایشن سے خطاب کی دعوت دی جسے وزیراعظم نے قبول کر لیا۔
انہوں نے کہا کہ وکلاء معاشرے کا اہم ستون ہیں اور عوام کو انصاف کی فراہمی کے لئے اپنا اہم کردار ادا کرتے ہیں اب جبکہ مسئلہ کشمیر فیصلہ کن موڑ میں داخل ہو چکا ہے تو وکلاء مسئلہ کشمیر کو اْجاگر کرنے کے لئے اپنا رول ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ عالمی برادری اب مسئلہ کشمیر کو سمجھ چکی ہے اور اس کا حل چاہتی ہے۔ اب ہمیں اس سلسلے میں عالمی سطح پر مسئلہ کشمیر کو اْجاگر کرنے کے لئے اپنی کوششیں مزید تیز کرنی ہونگی ۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر سے کرپشن اور تعصب کی سیاست کے خاتمے کے لئے وکلاء کو اپنا اہم کردار ادا کرنا ہو گا۔ لوگوں کی مقدمات کی شنوائی کے لیے بھی وکلاء انتہائی اہم کردار ادا کرتے ہیں۔اس موقع پر صدر ڈسٹرکٹ بار شیخ مسعود نے آزادکشمیر میں رواداری کی سیاست کو فروغ دینے اور مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اْجاگر کرنے کی وزیراعظم کی کوششوں کو سراہا اورلوگوں کو ریلیف فراہم کرنے کیلیے ان کے اقدامات کی تعریف کی۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں