اسلام (پی آئی ڈی آزاد کشمیر) وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی سے وزیر خوراک علی شان سونی نے جموں کشمیر ہاوس اسلام آباد میں ملاقات کی۔وزیر حکومت نے آٹے سمیت دیگر اہم ایشوز پر وزیراعظم کو بریفنگ دی۔وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ آٹے کی کوالٹی پر کوئی سمجھوتا نہیں کیا جائے گا، محکمہ خوراک آزاد کشمیر میں معیاری آٹے کی فراہمی کو یقینی بنائے۔
انہوں نے کہا کہ ایسے علاقے جہاں برف باری کی وجہ سے سڑکیں بند ہو جاتی ہیں میں گندم اور آٹے کی ترسیل کو یقینی بنایا جائے تاکہ عوام کو مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے کہا کہ فوڈ اتھارٹی کو بھی متحرک کیا جائے تاکہ عوام کو مضر صحت اشیاء سے بچایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں کسی سے رعایت نہیں برتی جائے گی کیونکہ عوام کی صحت سے کوئی شے عزیز نہیں ہے۔وزیراعظم نے کہا کہ اس موسم میں اکثر اشیاء سٹاک کر لی جاتی ہیں جن کی میعاد گزر چکی ہوتی ہے لہذا فوڈ اتھارٹی کو گہری نظر رکھنا ہو گی۔
انہوں نے کہا کہ لوگوں کو معیاری اشیاء کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے جس کے لیے تمام تر کوششیں کی جائیں گی۔وزیر خوراک نے اس موقع پر وزیراعظم کی ہدایات کے مطابق عملدرآمد کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ آپ کی قیادت میں محکمہ لوگوں کو ریلیف فراہم کرنے کیلیے اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائے گا۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں