تعلیمی اداروں کو کوالٹی آف ایجوکیشن پر فوکس کرنا چاہیے، چیف سیکرٹری آزاد کشمیر کا کیڈٹ کالج مظفر آباد میں تقریب سے خطاب

مظفرآباد (پی آئی ڈی) چیف سیکرٹری آزادحکومت ریاست جموں وکشمیر شکیل قادر خان نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں کو کوالٹی آف ایجوکیشن پر فوکس کرنا چاہیے۔ کیڈٹ کالج مظفرآباد ایک بہترین تعلیمی ادارہ ہے۔ یہاں سے فارغ التحصیل ہونے والے کیڈٹس نے مستقبل میں اس ملک کی باگ دوڑ سنبھالنی ہے اور مختلف شعبہ زندگی میں آزادکشمیر کی نمائندگی کرنی ہے۔ عملی زندگی میں لوگوں کی خدمت آپ کا شعار ہونا چاہیے۔ کیڈٹ کالج مظفرآباد کو درپیش جملہ مسائل حل کریں گے۔

ٹرانسپورٹ سمیت دیگر سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنائیں گے تاکہ اس کیڈٹ کالج کے معیار کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پیر کے روز یہاں کیڈٹ کالج مظفرآباد میں کیڈٹس کے درمیان تقریری مقابلہ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر کیڈٹس نے انٹر ہاؤس اردو اور انگریزی میں تقریر ی مقابلہ میں حصہ لیا۔ تقریب سے پرنسپل کیڈٹ کالج مظفرآباد بریگیڈیئرڈاکٹر منظور احمد عباسی نے بھی خطاب کیا۔ چیف سیکرٹری آزادکشمیرنے تقریری مقابلوں میں نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والے کیڈٹس میں انعامات بھی تقسیم کیے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری آزادکشمیر شکیل قادر خان نے کہا کہ کیڈٹ کالج مظفرآباد ایک معیاری تعلیمی ادارہ ہے۔ چونکہ یہ ادارہ ابھی چند سال قبل ہی قائم کیا گیا ہے اس لیے ابھی اسے جملہ سہولیات میسر نہیں ہیں۔ لیکن میں بطور چیف سیکرٹری حکومت آزادکشمیر کی جانب سے آپ کو یقین دلاتا ہوں کہ کیڈٹ کالج مظفرآباد کو تمام سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات کریں گے۔

حکومت آزادکشمیر کیڈٹ کالج کو مسائل حل کرنے میں اپنا موثر کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ تقرری مقابلوں میں حصہ لیے والے کیڈٹس نے بہترین کارکردگی دیکھائی جس سے کالج کی فیکلٹی کے معیار کا اندازہ ہوتاہے۔ میں پرنسپل سمیت تمام فیکلٹی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ دریں اثناء جب چیف سیکرٹری آزادکشمیر کیڈٹ کالج مظفرآباد پہنچے تو کالج فیکلٹی اور کیڈٹس نے ان کا پرتپاک استقبال کیا۔ اس موقع پر پرنسپل کیڈٹ کالج بریگیڈئیر ڈاکٹر منظور احمد عباسی نے چیف سیکرٹری آزادکشمیر کو کیڈٹ کالج کے حوالہ سے تفصیلی بریفنگ بھی دی۔ ۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close