آزادکشمیر میں بلدیاتی الیکشن ہونے سے سینکڑوں سیاسی کارکن نظام کا حصہ بنیں گے،وزیراعظم آزاد کشمیر کا تحریک انصاف کی مرکزی گورننگ باڈی کے اجلاس سے خطاب

اسلام آباد (پی آئی ڈی آزاد کشمیر) وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ آزادجموں وکشمیر کو ایک جدید اور ترقی یافتہ ریاست میں بدلنے کے لیے وزیراعظم عمران خان اربوں روپے کے مالیاتی پیکیج دینے جا رہے ہیں جو آزادکشمیر کے انتظامی اور معاشی ڈھانچے میں تاریخی تبدیلیاں لے آئے گا۔ آزادکشمیر میں بلدیاتی الیکشن ہونے سے سینکڑوں سیاسی کارکن نظام کا حصہ بنیں گے اور ایک نئی لیڈرشپ ابھرے گی۔ پی ٹی آئی کے کارکن الیکشن کی بھرپور تیاری کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان تحریک انصاف آزادکشمیر کی مرکزی گورننگ باڈی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اجلاس کی صدارت پاکستان تحریک انصاف آزادجموں وکشمیر کے صدر اور موسٹ سینئر وزیر سردار تنویرالیاس خان نے کی جبکہ وزیر اعظم سردار عبدالقیوم نیازی خصوصی دعوت پر اجلاس میں شریک ہوئے۔ اجلاس میں سینئر نائب صدر چودھری ظفر انور، نائب صدر میر عتیق الرحمان، جنرل سیکرٹری راجہ منصور خان، ایڈیشنل جنرل سیکرٹری چوہدری عامر نذیر، ڈپٹی سیکرٹری جنرل اور مشیر حکومت چوہدری مقبول احمد، ڈپٹی سیکرٹری جنرل قاضی محمد اسرائیل خان, ڈپٹی سیکرٹری جنرل سکندربیگ،سیکرٹری مالیات ذوالفقار عباسی اور مرکزی سیکرٹری اطلاعات ارشاد محمود نے بھی شرکت کی۔ گورننگ باڈی نے وزیراعظم کو آزادکشمیر میں گورننس کو بہتر کرنے اور تیز رفتار ترقی کے لیے مختلف اقدامات بھی تجویز کیے۔ بیروزگاری کے خاتمہ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنے کے لیے صنعتی ترقی، ہائیڈل منصوبوں سمیت متعدد امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ پارٹی کارکنان کی عزت واحترام کو یقینی بنایاجائے گا، اہم فیصلوں میں پارلیمانی پارٹی کے ساتھ پارٹی کی گورننگ باڈی کو بھی اعتماد میں لیا جائے گا۔ وزیراعظم نے گزشتہ ساڑھے چار ماہ کے دوران حکومتی کامیابیاں اور اقدامات گورننگ باڈی کے سامنے رکھے جس پر گورننگ باڈی نے اصلاحات کی روشنی میں حکومتی اقدامات پر بھرپور اعتماد کا اظہار کیا۔

دونوں رہنماؤں نے حکومت اور پارٹی کو مضبوط بنانے کیلئے حکومتی اقدامات کو عوام تک پہنچانے کیلئے وزراء اور ایم ایل ایز کو ہدایت جاری کی کہ عوام اور کارکنوں کے ساتھ رابطوں کو مؤثر بنایا جائے۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صدر تحریک انصاف آزادکشمیر سردار تنویر الیاس نے کہا کہ پی ٹی آئی بطور پارٹی حکومت کی پشت پر چٹان کی طرح کھڑی ہے۔ وزیر اعظم سردار عبدالقیوم نیازی پاکستان تحریک انصاف کے ویژن کے مطابق احتساب، آزادکشمیر کی ترقی اور خوشحالی کے لیے کام کر رہے ہیں۔ پانچ سو ارب خصوصی مالیاتی پیکیج آزادکشمیر کی تقدیر بدل دے گا۔ سردار تنویر الیاس نے کہا کہ جلد ہی پی ٹی آئی بلدیاتی الیکشن کے لیے کمیٹی تشکیل دیگی، پارٹی کے کارکنان کے مسائل کے حل کے ٹھوس اقدامات کیے جائیں گے۔ گورننگ باڈی ارکان نے مشترکہ طور پر بلدیاتی الیکشن کرانے کے حکومتی فیصلے، ایڈھاک ایکٹ کے خاتمہ سمیت حکومت کی مجموعی کارکردگی کو سراہاتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی الیکشن کرانے کے فیصلے کو ریاست بھر میں خوب پذیرائی مل رہی ہے، عوام بلدیاتی الیکشن کے بہت پرجوش ہیں، تیس سال بعد بلدیاتی الیکشن کے ذریعے عام آدمی کو اقتدار میں حصہ ملے گا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close