راولپنڈی (پی آئی ڈی آزاد کشمیر) وزیراعظم آزادجموں و کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ کشمیریوں نے پاکستان کی محبت میں لازوال قربانیاں دی ہیں اور اب بھی یہ سلسلہ جاری ہے۔وزیراعظم پاکستان عمران خان کشمیریوں کے محسن ہیں عمران خان کی موجودگی میں کشمیریوں کو فکر مند ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔چوہدری غلام عباس پاکستان سے بے انتہا محبت کرتے تھے۔ قائد ملت غلام عباس کی تعلیمات سے عزت غیرت اور دیانتداری کا درس ملتا ہے۔
وزیراعظم نے ان خیالات کا اظہار قائد ملت چوہدری غلام عباس کی 54 ویں برسی کے موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوے کیا۔اس موقع پر سابق وزیراعظم سردار عتیق احمد خان،وزیر تعلیم سکولز دیوان علی چغتائی، صدر پیپلزپارٹی چوہدری محمد یسین،صدر مسلم کانفرنس مرزا شفیق جرال،راجہ یسین خان،محترمہ مہرالنساء ،محترمہ شمع ملک،عبدالحمید لون،رفیق ڈار کے علاوہ سیاسی،سماجی و حریت شخصیات بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ میرے لئے سعادت ہے کہ میں بطل حریت کی تقریب سے مخاطب ہوں۔رئیس الاحرار کی برسی ان کی شخصیت کا خاصہ ہے چوہدری غلام عباسی کی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔
انہوں نے آزادی کے بیس کیمپ میں اہم کردار ادا کیا۔انہوں نے سید علی گیلانی کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا ڈاکٹرز، انجینرز،پروفیسرز تحریک آزادی میں شامل ہوئے، سید علی گیلانی کا نعرہ ہم پاکستانی ہیں پاکستان ہمارا ہے اب ایک ماٹو بن چکا ہے۔انہوں نے مجاہد اول سردار عبدالقیوم خان کو بھی خراج عقیدت پیش کیا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ کشمیری مظلوم نہیں ہیں یہ بہادر اور جرات مند ہیں جو نو لاکھ بھارتی فوج اور چالیس ہزار آر ایس ایس کے غنڈوں کا مقابلہ کر رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ عمران خان کشمیریوں کے محسن ہیں۔
عمران خان نے اقوام متحدہ میں مسئلہ کشمیر کو جاندار انداز میں اجاگر کیا، ہر موقع پر مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے ٹھوس اقدامات کررہا ہوں۔انہوں نے کشمیر کمیٹی کے چئیرمین شہریار آفریدی کے کردار کو سراہا۔انہوں نے کہا کہ میں عمران خان کا سپاہی ہوں اور عمران خان جرات سے بات کرنے والا رہنماء ہے۔انہوں نے مسئلہ کشمیر کو حل کرنے میں اقوام متحدہ کے کردار کو فعال کرنے کی ضرورت پر زور دیا۔ وزیراعظم پاکستان عمران خان کا ویژن کشمیری قیادت کو ہر فورم پر نمائندگی دینا ہے، عمران خان کی موجودگی میں کشمیریوں کو فکر مند ہونے کی کوئی ضرورت نہیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ الحاق پاکستان ہماری اساس ہے۔ جب ہم نے آزادجموں و کشمیر میں کے پی ایل کرایا تو بھارت کی چیخیں نکل گئیں۔ رئیس الاحرار چوہدری غلام عباس ہمہ جہت شخصیت کے مالک تھے جن کی دیانتداری اور حب الوطنی بے مثال تھی۔انہوں نے کہا کہ یہی وہ اوصاف تھے جن کی بنیاد پر حضرت قائداعظم محمد علی جناح نے ریاست جموں وکشمیر میں انہیں اپنا جانشین قرار دیا تھا۔ آج ان جیسے رہنماوں کی ضرورت ہے جو کسی نفع و نقصان کی پرواہ کئے بغیر قوم کے وسیع تر مفاد کو ہی پیش نظر رکھیں۔انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں پڑھا لکھا نوجوان طبقہ بھارت کے خلاف اٹھ کھڑا ہوا ہے جسے شکست دینا اب بھارت کے بس میں نہیں ہے۔وزیراعظم نے اس موقع پر اعلان کیا کہ قائد ملت چوہدری غلام عباس کے مزار کو ان کے شایان شان بنایا جائے گا اور نئی بننے والی عمارت میں شاندار لائبریری قائم کی جائے گی۔
اس موقع پر وزیر تعلیم سکولز دیوان علی چغتائی نے قائد ملت کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام جو لازوال قربانیاں دے رہے ہیں وہ رائیگاں نہیں جائیں گی۔ کشمیر کوئی سرحدی تنازعہ نہیں ہے ریاست جموں و کشمیر ناقابل تقسیم وحدت ہے۔ چوہدری غلام عباس کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ہم ان کے افکار کو اپنائیں۔ قائد ملت کی شخصیت ہر پہلو سے انتہائی جاندار تھی انہوں نے مشکل سے مشکل حالات میں بھی اپنے اصولوں کو نہیں چھوڑا اور یہی وہ سبق ہے جو ہمیں بھی یاد رکھنا ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوے پیپلزپارٹی کے صدر چوہدری محمد یاسین نے رئیس الاحرار کی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے کہا کہ چوہدری غلام عباس دو قومی نظریہ کے داعی تھے جن کا شمار بانی پاکستان حضرت قائداعظم کے قریبی ساتھیوں میں ہوتا ہے۔انہوں نے کہا مسلم کانفرنس کی قیادت خاص کر سردار عتیق احمد خان کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔انہوں نے کہا کہ مسلم کانفرنس کو کشمیر کی سیاست سے الگ نہیں کیا جا سکتا۔سابق وزیراعظم مسلم کانفرنس کے قائد سردا عتیق احمد خان نے قائد ملت کی ملی خدمات کو شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔انہوں نے رئیس الاحرار کی برسی کے شاندار انتظامات پر وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ نظریہ الحاق پاکستان ہمارا سرمایہ ہے۔
اس موقع پر مرزا شفیق جرال،محترمہ مہرالنساء ،عبدالحمید لون،راجہ یسین خان،رفیق ڈار،محترمہ شمع ملک،راجہ ثاقب مجید،میر طاہر مسعود،سردار عثمان علی خان اور دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے قائد ملت کی قومی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا۔اس موقع پر کئی قراردادیں بھی پیش کی گئیں جنہیں شرکاء نے متفقہ طور پر منظور کر لیا۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں