باصلاحیت کشمیری قوم نے ہر شعبہ زندگی میں کارکردگی دکھائی ہے، کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف مینجمنٹ میں کورس شرکاءسے وزیر اعظم آزاد کشمیر کا خطاب

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیاز ی نے کہا ہے کہ ہمیں اجتماعی طور پر اپنے رویوں میں تبدیلی لانا ہوگی۔ کشمیری قوم دنیا کی با صلاحیت اور ذہین قوم ہے جس نے تمام شعبہ ہائے زندگی میں اپنی بہترین کارکردگی دکھائی ہے۔ کشمیر انسٹیٹوٹ آف مینجمنٹ اچھا کام کر رہا ہے۔ سرکاری افسران ریاست اور عوام کی بہتری کے لیے کام کریں۔ ہمارے کام کا تاثر لائن آف کنٹرول کے دوسری جانب بھی جائے گا۔ اسلامی تعلیمات کے مطابق ہمیں اپنے رویے بہتر کرنا ہوں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمیر انسٹیٹوٹ آف مینجمنٹ کے زیر اہتمام آٹھویں مڈ کیریئر مینجمنٹ کورس کے شرکاء کو سرٹیفکیٹس دینے کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ڈائریکٹر جنرل کشمیر انسٹیٹوٹ آ ف مینجمنٹ بریگیڈیئر (ر) اختر حسین شاہ نے آٹھویں مڈ کیریئر مینجمنٹ کورس کی رپورٹ پیش کی۔سیکرٹری سروسز اینڈ جنرل ایڈ منسٹر یشن ظہر الدین قریشی،ڈائریکٹر جنرل اطلاعات راجہ اظہر اقبال اور ڈائریکٹر جنرل آڈٹ حسن رانا بھی اس موقع پر موجود تھے۔ تقریب سے سابق سیکرٹری اکرم سہیل اور طارق بٹ نے بھی خطاب کیا۔ وزیراعظم نے 8 واں مڈ کیریئر مینجمنٹ کورس مکمل کرنے والے آفیسران کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہاں سے تربیت مکمل کرنے والے افسران جب واپس اپنے محکموں میں جائیں تو تبدیلی نظر آنی چاہیے اور سروس ڈیلیوری میں بھی بہتری آنی چاہیے، آفیسرز جہاں بھی فرائض انجام دیں قومی و ریاستی مفاد کو مقدم رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر انسٹیٹوٹ آف مینجمنٹ کی ترقی و ترویج دیکھ کر خوشی ہوئی۔

یہ آزادکشمیر کا بہترین ادارہ ہے، اس ادارے کی کارکردگی کا تسلسل برقرار رہا تو پنجاب اور خیبر پختوانخواہ سے بھی افسران یہاں تربیت حاصل کرنے آئیں گے۔ ہماری حکومت اس ادارے کی بہتری کے لیے اقدامات کرے گی۔ اداروں مضبوط بنائیں گے اور عام آدمی کی مشکلات کم کرنے کیلیے اقدامات اٹھائیں گے۔ وزیراعظم آزادکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ میڈیا قومی نوعیت کے معاملات پر زیادہ توجہ دے تاکہ لائن آف کنٹرول کی دوسری جانب بھی اچھا پیغام جائے۔ تقریب کے بعد وزیر اعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کشمیر انسٹیٹوٹ آف مینجمنٹ کے مختلف شعبہ جات کا بھی معائنہ کیا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close