مظفرآباد (پی آئی ڈی) آزادجموں وکشمیر کے وزیر اطلاعات سردارفہیم اخترربانی، وزیر بلدیات خواجہ فاروق احمد، وزیر مواصلات چوہدری اظہر صادق، وزیر تعلیم دیوان علی خان چغتائی، وزیر منصوبہ بندی و ترقیات چوہدری رشید اور وزیر صحت نثار انصر ابدالی نے کہا ہے کہ رٹو شونٹر ٹنل منصوبہ آزادخطہ کی تقدیر بدل دے گا۔
وزیراعظم پاکستان عمران خان کی جانب سے رٹو شونٹرٹنل کی تعمیر کے اعلان پرآزادخطہ کے عوام ان کا شکریہ ادا کرتے۔اس ٹنل کی تعمیر کا اعلان وزیراعظم پاکستان کی جانب سے آزادکشمیر کیلئے پانچ سو ارب روپے کے ترقیاتی پیکج کا عملی آغاز ہے جس کی تعمیر سے آزادکشمیر اور گلگت بلتستان شارٹ روٹ کے ذریعے آپس میں منسلک ہو جائیں گے اور تاریخی روابط بحال ہوں گے اور دونوں خطوں کے لوگوں کی قربتیں بڑھیں گی۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزراء حکومت نے کہاکہ رٹو شونٹر ٹنل کی تعمیر سے آزادکشمیرمیں نئے دور کا آغاز ہو گا جس سے ریاست کو معاشی طور پر بھی بہت فائدہ ہوگا۔ اس ٹنل کے بننے سے گلگت بلتستان اور آزادکشمیر کے درمیان سفر چند گھنٹوں تک سمٹ جائے گا۔
وزراء حکومت نے کہاکہ وزیراعظم آزادکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کی کوششوں کی بدولت آزادکشمیر میں تعمیر و ترقی کے نئے دور کا آغاز ہونے جارہا ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت عملی اقدامات پر یقین رکھتی ہے۔ آزادکشمیر میں ایک لمبے عرصے کے بعد اتنا بڑا میگا پراجیکٹ شروع ہونے جارہا ہے جس کی تکمیل سے خطہ میں تعمیر وترقی اور خوشحالی کا انقلاب آئے گا۔ وزراء حکومت نے کہا کہ عمران خان کشمیریوں کے محسن اور وکیل ہیں اور انہوں نے اپنے عملی اقدامات سے یہ ثابت کیا ہے۔ایک طرف عمران خان دنیا کے بڑے فورمز پر کشمیریوں کی آواز بلند کررہے ہیں جبکہ دوسری جانب آزادکشمیرکی تعمیر و ترقی بھی ان کی اولین ترجیحات میں شامل ہے جس کا عملی ثبوت آزادکشمیر کیلئے پانچ سو ارب کا میگا ترقیاتی پیکج ہے جس کے ذریعے انہوں نے گزشتہ روز اس ٹنل کی تعمیر کا اعلان کر کے آزاد خطہ کو خوشحال اور ترقیاتی یافتہ بنانے کا عملی آغاز کر دیا ہے۔
ہم پوری کشمیری قوم کی جانب سے محسن کشمیر عمرا ن خان کا شکریہ ادا کر تے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی کی قیادت میں تحریک انصاف کی حکومت آزادخطہ کی تعمیر وترقی اور خوشحالی کیلئے سرگرم عمل ہے۔ عمران خان کے ویژن کے مطابق آزاد کشمیر میں اصلاحاتی عمل جاری ہے جس سے عوام کی مشکلات میں کمی آئی ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت نے آزادکشمیر میں تعمیر وترقی کے ایک نئے دور کا آغاز کیا ہے جس کے دور رس نتائج برآمد ہوں گے۔ ۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں