وادی لیپہ میں1971 کی پاک بھارت جنگ کے شہداء کی یاد میں دن منایاگیا

وادی لیپہ (پی آئی ڈی) ملک بھر کی طرح وادی لیپہ میں بھی 1971 کی پاک بھارت جنگ کے شہداء کی یاد میں دن منایاگیا۔پا ک فوج کے آفیسرا ن نے 1971کی جنگ میں شہید ہونے والے وادی لیپہ کے مختلف گاؤں کے آفیسر اور جوانوں کی قبروں پر حاضری دی اور پھولوں کی چادر چڑھائی۔ اس موقع پر پاک فوج کے چاک و چوبند دستے نے سلامی پیش کی اور شہداء کے درجات کی بلندی کے لئے دعا کی۔

اس موقع پر پاک فوج کی جانب سے ایک تقریب کا انعقاد بھی کیا گیا۔ تقریب میں پاک فوج کے افسران اور جوانوں کے علاوہ پولیس، سول سو سائٹی اور شہداء کے ورثاء نے شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاک فوج کے آفیسر نے کہا کہ شہداء ہمارا فخر ہیں اور ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں۔ شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ان کی قربانیوں کی بدولت ہی آج ہم آزاد فضا میں سانس لے رہے ہیں، پاک فوج اپنے محسنوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی اور یہ قوم بھی کبھی دھرتی ماں کے دفاع کے لیے جانوں کے نذرانے پیش کرنے والوں کو نہیں بھولے گی۔ انہوں نے کہا کہ 1971کی جنگ میں ہماری افواج نے دشمن کا بھرپور مقابلہ کیا اور ہمارے جوانوں نے جانوں کے نذرانے پیش کر کے ملک پاکستان کا دفاع کیا۔

پاک فوج وادی لیپہ کے آفیسران نے شہداء کی ورثاء سے ملاقات کی اورتحائف پیش کیے۔ اس موقع پرشہدا ء کے ورثاء نے ہر قیمت پر پاک سر زمین کے دفاع کا عزم دھرایا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close