آزادکشمیر میں امن وامان کو برقرارر کھنے کیلئے پولیس کی استعداد کار کو بڑھائیں گے،وزیر اعظم آزاد کشمیر کا پولیس حکام سے خطاب

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں امن وامان کی صورتحال کو برقرار رکھنے کیلئے پولیس کی استعداد کار کو بڑھائیں گے۔وزیراعظم پاکستان کے ویژن کے مطابق پولیس میں بہتری لائیں گے تاکہ لوگوں کی مشکلات کم ہوں۔ پولیس کے مددگار اور عوام محافظ ہونے کے کردار کو اجاگر کرنے کی ضرورت ہے۔جرم سے نفرت اورمجرم کو باوقار شہری بنانے پر خصوصی توجہ دی جائے۔

موٹروے پولیس کی طرز پر اخلاقیات کی ترویج اور قانون و ضابطہ پر عملدرآمد،ٹریفک کی روانی میں ٹریفک پولیس کے اچھے کردار،منشیات فروشی کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔دیگر شعبوں کی طرح محکمہ پولیس میں بھی اصلاحاتی عمل کو تیز کیا جائے۔کرائم کی شرح کو کم کرنے کیلئے ہنگامی اقدامات کی ضرورت ہے۔ پولیس ملازمین مخلص ہو کر عوام کی خدمت کریں اور ایسی تبدیلی لائیں جو اچھے اثرات مرتب کرے۔سائلین کی شکایات کا بروقت ازالہ کیا جائے اور تفتیش کے عمل کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے محکمہ پولیس کی جانب سے بریفنگ کے بعدگفتگو کرتے ہوئے کیا۔انسپکٹر جنرل پولیس سہیل حبیب تاجک نے سیف سٹی پراجیکٹ،وویمن پولیس ا سٹیشنز کا قیام،کھلی کچہری،ون ونڈو سروس،امن و امان اور دیگراہم ایشوز پر بریفنگ دی۔آئی جی پولیس نے وزیراعظم کو کنول مطلوب کیس میں اب تک کی پیش رفت سے آگاہ کیا۔ وزیراعظم نے اس موقع پر ریڈیو کالنگ بوتھ،کویک ریسپانس سروس،پولیس خدمات مرکز،ون ونڈو سروس،مدد گار پولیس سٹیشنز کی مانیٹرنگ،کمپلینٹ ری ڈریسل سسٹم،ایمرجنسی ہیلپ لائن،کھلی کچہری،آن لائن ریکارڈ کے عمل اورکاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کے قیام پر زور دیا۔

وزیراعظم نے کہاکہ اینٹی ٹیرر ازم اور سائبر کرائمز جیسے حساس امور سے نمٹنے کے لیے مطلوبہ استعداد کار کی حامل فورس بنائی جائے۔وزیراعظم نے کہاکہ آزادکشمیر میں پہلی مرتبہ ہم نے وویمن پولنگ اسٹیشنز کا قیام عمل میں لایا گیا ہے، راولاکوٹ کے بعد دیگر اضلاع میں بھی وویمن پولیس اسٹیشنز قائم کرنے جارہے ہیں۔ منشیات فروشوں کے خلاف سخت ترین کارروائی کی جائے۔ منشیات کی روک تھام کیلئے پولیس کے ساتھ ساتھ تمام مکاتب فکر کو اپنا کردارادا کرنا ہوگا۔جیلوں کے ماحول کو اصلاحی بنیادوں پر استوار کیا جائے اور قیدیوں کے مسائل کو حل کیا جائے۔چالان کے دورانیہ کو کم سے کم کیا جائے۔سپیڈی ٹرائل اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے۔ وزیرا عظم نے ہدایت کی کہ سینئر افسران پر مشتمل کمیٹی تشکیل دی جائے جو تفتیش کے نظام کو موثر اور بہتر بنانے کے لیے میکنزم تیار کرے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close