پاکستان ، آزاد کشمیر کی جامعات میں کشمیریات کا شعبہ بھی قائم کیا جائے، صدر آزاد کشمیر کا کوٹلی میں نجی کالج کی تقریب تقسیم انعامات سے خطاب

کوٹلی (پی آئی ڈی) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ دنیا میں ترقی کا زینہ تعلیم ہے اور تعلیمی میدان میں کامیابیوں سے ہی ایک عظیم معاشرہ تشکیل پا سکتا ہے۔ ہمیں تعلیم کے فروغ کے لئے ہر سطح پر چاہے وہ سرکاری یا نجی تعلیمی ادارے ہوں اس سلسلے میں اپنا کردار بہتر انداز میں ادا کرنا ہو گا اور اسی طرح معیار تعلیم کو بہتر بنانا ہو گا تاکہ ہمارے نوجوان نہ صرف آزادکشمیر اور پاکستان بلکہ بیرون ملک بھی اعلیٰ تعلیم کے لئے بڑے تعلیمی ادارو ں میں جا سکیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں کوٹلی میں الکوثر فاؤنڈیشن کے پروجیکٹ اذان گروپ آف کالجز کے زیر اہتمام تقریب تقسیم انعامات سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر تقریب کی صدارت اذان گروپ آف کالجز کے چیف ایگزیکٹیو و پرائیویٹ سکولز ایسوسی ایشن کے صدر پروفیسر چوہدری مطلوب حسین نے کی جبکہ اس موقع پرسابق ممبر کشمیر کونسل چوہدری محبوب ایڈووکیٹ، مرکزی چیئرمین زکوٰۃ کونسل پیر عارف شاہ گیلانی، ڈاکٹر مشتاق ساجد، اذان گروپ آف کالجز کے پرنسپل سردار نثار چشتی، ڈاکٹر شاہنواز گجر، ایس پی ریٹائرڈ شاہپال، پروفیسر ڈاکٹر عالم اور دیگر بھی موجود تھے۔ اس موقع پر ادارے کے پرنسپل سردار نثار چشتی نے سپاسنامہ پیش کیا اور ادارے کی نصابی اور ہم نصابی سرگرمیوں پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے ادارے کے طلبا و طالبات کو بورڈ میں نمایاں پوزیشنز پر اور جبکہ اساتذہ اور سٹاف کو نمایاں کارکردگی پر شیلڈزبھی دیں۔

اس موقع پر کالج کے طلبا و طالبات نے مختلف ٹیبلوز، ملی و قومی ترانے پیش کیے۔ اس موقع پر طلبا و طالبات نے پرجوش انداز میں صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر صدر ریاست کو ادارے کی طرف سے اعزازی شیلڈ بھی پیش کی گئی۔صدر آزادجموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے اپنے خطاب میں کہا کہ میں آج آپ کے ادارے کے معیار کو دیکھ کر بے حد متاثرہوا ہوں کہ ایک سال کے قلیل عرصے میں ادارے کے طلبا و طالبات نے بورڈ میں نمایاں پوزیشنز حاصل کی ہیں اور مجھے امید ہے کہ یہ ادارہ مزید ترقی کرے گا اور اس کا شمار آزادکشمیر کے نمایاں اور بڑے تعلیمی اداروں میں ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ بطور چانسلر آزادکشمیر کی یونیورسٹیز میں، میں نے کوشش کی ہے کہ جہاں پر جامعات میں دیگر شعبہ جات پڑھائے جا رہے ہیں وہاں پر جامعات میں کشمیریات کا شعبہ بھی قائم کیا جائے تاکہ آنے والی نسلوں کو اپنی تاریخ سے آگاہی حاصل ہو۔

اس موقع پر تقریب کے صدر چیف ایگزیکٹیو اذان گروپ آف کالجز چوہدری مطلوب حسین نے اپنے خطاب میں تقریب میں آمد پر صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا اپنی اور اپنے اساتذہ اور انتظامیہ کی طرف سے خصوصی شکریہ ادا کیا۔ ا س موقع پر انہوں نے صدر آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کی کوششوں کو سراہا۔ ۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close