وکلاء آزادکشمیر سے کرپشن اور تعصب کی سیاست ختم کرنے میں ساتھ دیں، صدر آزاد کشمیر بیرسٹر سلطان محمود کا کوٹلی ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن سے خطاب

کوٹلی (پی آئی ڈی) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ وکلاء آزادکشمیر سے کرپشن اور تعصب کی سیاست کو ختم کرنے کے لئے ہمارا ساتھ دیں۔ آزادکشمیر آزادی کا بیس کیمپ ہے اور اگر ہم نے اسے صحیح معنوں میں آزادی کا بیس کیمپ بنانا ہے تو ہمیں دوبارہ اُسی طرح سے متحد ہونا ہو گا جیسے کہ 1947میں ہمارے آباؤ اجداد نے یہ خطہ اپنے زور بازو سے آزاد کرایا تھا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں کوٹلی میں ڈسٹر کٹ بار ایسوسی ایشن کوٹلی کے زیر اہتمام تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب کی صدارت چوہدری محمد رفیق شاہین صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کوٹلی نے کی جبکہ اس موقع پر ڈسٹرکٹ بار ایسویسی ایشن کوٹلی کے سیکرٹری جنرل سردار محمد سہیم رفیق نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں چوہدری محمد رفیق شاہین صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کوٹلی نے وکلاء کو درپیش مسائل پیش کیے جبکہ اس موقع پر انہوں نے صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی آزادکشمیر میں رواداری کی سیاست کو فروغ دینے اور مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اُجاگر کرنے کی کوششوں کو سراہا۔

اس موقع پر تقریب سے اپنے خطاب صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے مزید کہا کہ وکلاء معاشرے کا اہم ستون ہیں اور عوام کو انصاف کی فراہمی کے لئے اپنا اہم کردار ادا کرتے ہیں اب جبکہ مسئلہ کشمیر فیصلہ کن موڑ میں داخل ہو چکا ہے تو وکلاء مسئلہ کشمیر کو اُجاگر کرنے کے لئے اپنا رول ادا کریں۔ میں نے اپنے بیرون ملک دوروں میں کشمیری عوام کا موقف انٹرنیشنل کمیونٹی کے سامنے رکھا۔ عالمی برادری اب مسئلہ کشمیر کو سمجھ چکی ہے اور اس کا حل چاہتی ہے۔ہائیکورٹ آف آزاد جموں وکشمیر میں ججز کی تعینانی کا مرحلہ جلد مکمل کر لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ آزادکشمیر سے کرپشن اور تعصب کی سیاست کے خاتمے کے لئے اقدامات اُٹھا رہے ہیں۔ ۔۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں