وادی لیپہ میں ایک صدی پرانے لکڑی کے مکان کے ماڈل کی نقاب کشائی، وزیر اعظم آزاد کشمیر اوراپوزیشن لیڈر چوہدری لطیف اکبر کا تقریب سے خطاب

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ ثقافتی ورثے کی حفاظت اور سیاحت کا فروغ وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا ویژن ہے۔ صدیوں پرانے ثقافتی ورثے کو محفوظ بنا کر اسے آئندہ نسلوں کے لیے محفوظ بنائیں گے۔ وادی لیپہ میں موجود ایک صدی سے بھی پرانے لکڑی کے گھر کو حکومت اپنی تحویل میں لینے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کر ے گی۔ اس مقصد کے لیے خصوصی کمیٹی تشکیل دیں گے،حکومت کی جانب سے وزیر تعلیم دیوان علی خان چغتائی اور وزیر منصوبہ بندی و ترقیات چوہدری رشید جبکہ دو ممبران اپوزیشن کی جانب سے اس کمیٹی کا حصہ ہونگے۔

اپوزیشن لیڈر چوہدری لطیف اکبر کا شکر گزار ہوں کہ انہوں نے اس قیمتی ثقافتی ورثے کی جانب ہم سب کی توجہ مبذول کروائی۔ مقبوضہ کشمیر کے بھائیوں کی آواز کو بلند کرنے اور ریاست کی تعمیر و ترقی کے عمل کو اپوزیشن کے ساتھ مل کر جاری رکھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آزاد جموں وکشمیر قانون سازاسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری لطیف اکبر کی جانب سے وادی لیپہ میں موجود ایک صدی سے بھی پرانے لکڑی کے مکان کے ماڈل کی نقاب کشائی کی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے کیا۔ تقریب سے قائد حزب اختلاف چوہدری لطیف اکبر نے بھی خطاب کیا۔ تقریب میں سٹیج سیکرٹری کے فرائض ممبر اسمبلی سردار جاوید ایوب نے انجام دیے جبکہ اس موقع پر وزراء کرام، ممبران اسمبلی اور مختلف محکمہ جات کے نمائندگان نے بھی شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر نے کہا کہ اپنے قیمتی ثقافتی ورثہ کی حفاظت ہماری حکومت کی ذمہ داری ہے۔ ثقافتی ورثہ کو محفوظ بنا کر ہم سیاحت کو بھی فروغ دے سکتے ہیں۔

ہمارے قائد وزیر اعظم عمران خان کابھی یہی ویژن ہے۔ سیاحت کے فروغ سے ریاست کی معاشی حالت میں بہتری آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہم اسمبلی کے اندر اور باہر اپوزیشن کی مثبت تجاویز کو زیر غور لائیں گے۔ یہ تحریک آزادی کشمیر کا بیس کیمپ ہے اور ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے کہ ہم مقبوضہ کشمیر میں تحریک آزادی کشمیر کے لیے برسر پیکار اپنی بہنوں اور بھائیوں کی آواز کو مل کر بلند کیا۔ اس کے علاوہ خطہ کی تعمیر و ترقی اور لائن آف کنٹرول پر آباد کشمیریوں کے مسائل کا حل بھی ہم اپوزیشن کے ساتھ مل کر کریں گے۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قائد حزب اختلاف چوہدری لطیف اکبر نے کہا کہ ہماری ذمہ داری ہے کہ ہم اپنے کلچر کو محفوظ بنائیں اور اسے دنیا میں متعارف کروائیں تاکہ یہاں سیاحت کو فروغ حاصل ہو اور ریاست کی معاشی حالت بہتر ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ میں آج مسلم لیگ ن کی حکومت کی جانب سے وادی لیپہ کی مین سڑک کی بہتری اور پختگی پر ان کی کارکردگی کو سراہتا ہوں۔

وادی لیپہ قدرتی حسن سے مالا مال وادی ہے جہاں پر آزادکشمیر کی روایتی فصلیں اور پھل پیدا ہوتے ہیں۔ اس سارے علاقہ کو ایک خاص اہمیت حاصل ہے۔ یہاں کی خصوصی چیزوں کو سامنے لا کر سیاحوں کو اس جانب مرغوب کیا جا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وادی لیپہ میں موجود اس قدیم طرز تعمیر کے گھر کوحکومت اپنی تحویل میں لے اور اسے گیسٹ ہاؤس یا میوزیم میں تبدیل کرے تاکہ اس قدیم ثقافتی ورثہ کو آنے والی نسلوں کے لیے محفوظ بنایا جا سکے۔ تقریب کے اختتام پر اس قدیم طرز تعمیر کے گھر کے ماڈل کی نقاب کشائی کی گئی۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close