مظفرآباد (پی آئی ڈی) آزادجموں وکشمیر قانون سا ز اسمبلی کا اجلاس منگل کے روز سپیکر چوہدری انوار الحق کی زیر صدارت تلاوت کلام پاک سے شروع ہوا۔اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہو ئے وزیراعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان عمران خان کی جانب سے اعلان کردہ پانچ سو ارب کے کشمیر ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت ہر سال100ارب کے منصوبے لگائے جائیں گے۔آزادکشمیر میں جو بجلی مقامی سطح پر پیدا ہوتی ہے اور نیشنل گرڈ سے منسلک نہیں ہے ان پر فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ چارجز کا معاملہ متعلقہ حکام سے اٹھائیں گے۔
پاکستان میں اگلے پانچ سال بھی تحریک انصاف کے ہیں۔ وزیراعظم پاکستان کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے زلزلہ سے متاثرہ انفراسٹرکچر کی بحالی کیلئے12ارب روپے دینے کی یقین دہانی کروائی۔ ان فنڈز سے بقایات جات کی ادائیگی اور بقیہ تعمیراتی کام مکمل کیا جائے گا۔ وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے کہاکہ پانچ سو ارب کے میگا ترقیاتی پیکج کے حوالہ سے ابتدائی کام مکمل ہے۔ اس میں بڑے منصوبے رکھے جائیں گے۔ یہ پراجیکٹ ایک سال کیلئے نہیں بلکہ پانچ سالوں کیلئے ہے اور مرحلہ وار اس کے تحت منصوبے لگائے جائیں گے۔ اس کی منظوری کے حوالے سے حکومت پاکستان وزارت منصوبہ بندی نوٹیفکیشن جاری کریگی۔
اجلاس میں قائد حزب اختلاف چوہدری لطیف اکبر کی بکروال قبیلہ کے مسائل کے حوالہ سے نوٹس پر وزیراعظم نے کہاکہ بکروال قبیلہ کے مسائل تحریری طور پر مجھے فراہم کیے جائیں ترجیحی بنیادوں پر ان کا حل کریں گے۔ اجلاس میں ممبران اسمبلی سردار جاوید ایوب اور سید بازل علی نقوی کے پوائنٹ آف آرڈرز پر وزیر برقیات چوہدر ی ارشد حسین نے یقین دہانی کروائی کہ حلقہ لچھراٹ اور کٹلہ میں غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا نوٹس لیا جائے گا۔ ممبر اسمبلی نثارہ عباسی کے توجہ دلاؤ نوٹس پر وزیر بلدیات خواجہ فاروق احمد نے کہاکہ مظفرآباد شہر میں قبرستا ن کیلئے رقبہ مختص کیا گیا اور بجٹ میں پیسے بھی رکھے گئے ہیں۔ ممبر اسمبلی جاوید بڈھانوی کے پوائنٹ آف آرڈر پر وزیر صحت ڈاکٹر نثار انصرابدالی نے کہاکہ ڈی ایچ کیو کوٹلی میں کارڈیک سینٹر کام کررہا ہے۔ مظفرآباد میں کیتھ لیب کا قیام آخری مراحل میں ہے جبکہ میرپور میں کیتھ لیب قائم ہو چکی ہے۔ انہوں نے کہاکہ اپوزیشن کی تجاویز کو مدنظر رکھتے ہوئے شعبہ صحت میں اصلاحات لائیں گے۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں