مظفرآباد (پی آئی ڈی) آزاد کشمیر کے وزرائے حکومت نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ روز صدر ریاست بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کی جانب سے ہم کھانے کی دعوت پر وزیر اعظم سردار عبد القیوم نیازی سے اجازت لیکر گئے، پوری پارلیمانی پارٹی وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عبد القیوم نیازی کی پشت پر چٹان کی طرح کھڑی ہے، وزیر اعظم ہمارے ٹیم کیپٹن ہیں، انکی سر براہی میں خطے کی تعمیر و ترقی اور وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کو عملی جامعہ پہنانے کیلئے ہم اپنے تمام وسائل بروئے کار لا رہے ہیں۔
وزیر اعظم کی قیادت میں پارلیمانی پارٹی متحد ہے، کسی قسم کی تقسیم کی کوئی گنجائش نہیں۔ان خیالات کا اظہار وزیر منصوبہ بندی و ترقیات چوہدری محمد رشید، وزیر تعمیرات عامہ چوہدری اظہر صادق، وزیر ہائر ایجو کیشن ملک ظفر اقبال، وزیر اطلاعات و قانون سردار فہیم اختر ربانی، وزیر ا یلمنٹری و سیکنڈری ایجوکیشن دیوان علی چغتائی، وزیر صحت نثار انصر ابدالی، وزیر سماجی بہبود سردار محمد حسین، مشیر حکومت چوہدری مقبول گجر، ممبر قانون ساز اسمبلی عاصم شریف بٹ اورپارلیمانی سیکرٹری جاوید بٹ نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ صدر ریاست کی جانب سے ظہرانے کی دعوت تھی نہ کہ حکومت کیخلاف کسی قسم کا اجلاس تھا، کھانے کے موقع پر آزاد کشمیر کی تعمیر وترقی، بلدیاتی الیکشن اورمقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بات ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عبد القیوم نیازی ایک منجھے ہوئے سیاسی رہنما ہیں اور وزیر اعظم کے منصب پر فائز ہیں، ہم ان کی ٹیم کا حصہ ہیں اور ان کی قیادت میں کام کررہے ہیں،انہوں نے کہا کہ میڈیا رپورٹس میں کوئی صداقت نہیں، پارٹی میں کسی قسم کی تقسیم نہیں، وزیر اعظم سردار عبد القیوم نیازی کی قیادت میں خطے کی تعمیر وترقی، عوام کے مسائل کو اجاگر کرنے اور زیر تعمیر منصوبہ جات کو مکمل کرنا ہماری اولین ترجیح ہے۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں