بہترین تعلیمی معیار کیلئے ذہنی و جسمانی ترقی یکساں اہمیت کی حامل ہے، پارلیمانی سیکرٹری پروفیسر تقدیس گیلانی کا مسرت شاہین گرلز اسکول کی تقریب سے خطاب

مظفرآباد (پی آی ڈی) ممبر آزاد جموں و کشمیر قانون ساز اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری پروفیسر تقدیس گیلانی نے کہا ہے کہ کھیل اور تعلیم لازم و ملزوم ہیں۔ تعلیم کا مقصد شخصیت کی ہمہ گیر ترقی ہے جس میں جسمانی پہلووں کو نظر انداز نہیں کیا جاسکتا ۔ بہترین تعلیمی معیار کے لیے ذہنی و جسمانی ترقی یکساں اہمیت کی حامل ہے۔کھیلوں کے ذریعے طلبہ وطالبات میں ذمہ داری کا احساس پیدا ہوتا ہے اور بچے فرائض کی بہتر انداز میں انجام دہی کا سلیقہ سیکھتے ہیں۔

خواتین کو کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی کے لیے تحریک انصاف کی حکومت اقدامات اٹھائے گی۔ خواتین کے لیے الگ پارکس اور انہیں سہولیات کی فراہمی کے لیے جامع پلان بنا کر کام کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسرت شاہین شہید گورنمنٹ گرلز ہائی سکول کی میزبانی میں بین الاضلاعی سپورٹس مقابلہ جات کے افتتاح کے بعد تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں ڈی پی آئی نسیم گل، ڈی ایس پروین اختر، ڈائریکٹر سپورٹس بورڈ طارق اکبر، ڈسٹرکٹ ایجوکیشن آفیسر ضلع مظفرآباد صائمہ نذیر عباسی ، فوزیہ خان و دیگر بھی موجود تھے۔ پروفیسر تقدیس گیلانی نے کہا کہ پروفیسر تقدیس گیلانی نے کہا کہ جس معاشرے میں عورتوں نے زندگی کے ہر شعبے میں ایسا موثر کردار ادا کیا وہاں پر ترقی کا گراف ہمیشہ اوپر کی طرف گیا ۔

ہمارے ملک میں بھی خواتین نے تعلیم کے ساتھ معاشی، سیاست،کھیل، طب اور دوسرے شعبے میں گراں خدمات دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کہا کہ کھیلوں کے انعقاد سے طلباءمیں مخفی صلاحیتوں کو جلا ملتی ہے جس سے انکی نصابی سرگرمیاں بھی ابھر کر سامنے آتی ہیں ۔کھیل طلبہ کی تخلیقی سرگرمیوں کامظہر ہیں اور طلبہ میں اجتماعیت ، ذمہ داری اور نظم و ضبط کو پروان چڑھاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ خواتین نے مردوں کے شانہ بشانہ کھیلوں میں پاکستان کا نام روشن کیا ہے۔ پاکستان میں خواتین کو کھیلوں میں اتنے زیادہ مواقع نہیں ملتے۔ گھر کی طرف سے پابندیاں ملتی ہیں ۔اگر گھروالوں کی اجازت اور سرپرستی مل بھی جائے تو معاشرے کی نظروں اورنامناسب سہولیات اور کھیلوں کے بنیادی ڈھانچہ نہ ہونے کی وجہ سے بھی لڑکیوں کو پیش درپیش مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔آزاد کشمیر میں خواتین کو کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی کے لیے اقدامات اٹھائیں گے۔پروفیسر تقدیس گیلانی نے کھیل کے مقابلوں کے انعقاد اور بہترین انتظامات پر پرنسپل و انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔ اس موقع پر انہوں نے نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے والی طالبات کو میڈلز بھی دیے۔*

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close