آزادکشمیر میں بلدیاتی انتخابات اور احتساب ہونا چاہیے، آزاد کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود کا منتخب نمائندوں سے خطاب

اسلام آباد (پی آئی ڈی آزاد کشمیر) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ آزادکشمیر میں بلدیاتی انتخابات اور احتساب ہونا چاہیے کیونکہ وزیر اعظم پاکستان عمران کا ویژن یہی ہے کہ گڈ گورننس کے لئے احتساب ہونا چاہیے۔ اسی طرح آزادکشمیر میں حکومت کی کارکردگی بہتر بنانے کی ضرورت ہے کیونکہ ابھی تک نہ تو عوام میں حکومت کا کوئی اچھا تاثر جا رہا ہے اور نہ ہی ہمارے کارکن مطمئن نظر آرہے ہیں۔ اس لئے ہم نے مجموعی کارکردگی کو بہتر بنانا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں پی ٹی آئی آزادکشمیر کی پارلیمانی پارٹی کے وزراء، پارلیمانی سیکرٹریز اور ممبران اسمبلی کے ایک اجلاس سے ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیر بلدیات خواجہ فاروق احمد، وزیر منصوبہ بندی و ترقیات چوہدری محمد رشید، وزیر تعمیرات عامہ چوہدری اظہر صادق، وزیر برقیات چوہدری ارشد حسین، وزیر ہائیر ایجوکیشن ملک ظفر حسین، وزیر اطلاعات ونشریات فہیم اختر ربانی، وزیر ایلیمنٹری و سکینڈری ایجوکیشن دیوان علی چغتائی، وزیر صحت عامہ نثار انصر ابدالی، وزیر سماجی بہبود سردار محمد حسین،وزیر مال چوہدری اخلاق،مشیر حکومت چوہدری مقبول گجر،ممبر قانون ساز اسمبلی دیوان غلام محی الدین، ممبر قانون ساز اسمبلی یاسر سلطان، ممبر قانون ساز اسمبلی عاصم شریف بٹ، پارلیمانی سیکرٹری برائے سپورٹس کلچرو امور نوجوانان پیر مظہر شاہ، پارلیمانی سیکرٹری محترمہ صبیحہ صدیق اور پارلیمانی سیکرٹری جاوید بٹ بھی موجود تھے۔

اس موقع پر مختلف وزراء اور ممبران اسمبلی نے اپنے اپنے محکموں اور حلقوں میں مشکلات اور وزیر اعظم آزادکشمیر کی طرف سے وزراء اور ممبران اسمبلی کو اپنے اپنے حلقوں میں نظرانداز کیے جانے اور مشاورت کی کمی سے صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو آگاہ کیا۔ اجلاس میں تمام ممبران اسمبلی نے اپنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر صدر آزادکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے آخر میں بحث کو سمیٹتے ہوئے کہا کہ ہمیں بہتری لانا ہو گی اس سلسلے میں تمام لوگوں کو اپنی اپنی ذمہ داریاں پوری کرنی ہونگی اور بالخصوص وزیر اعظم آزادکشمیر پر جو ذمہ داری عائد ہے وہ پوری کر کے بہتری لانا ہوگی تاکہ ہم وزیر اعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق آگے بڑھ سکیں۔ ۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close