اسلام آباد/جموں وکشمیر ہاؤس (پی آئی ڈی) وزیر اعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہے کہ آزاد کشمیر میں وزیر اعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق سیاحت سمیت آئی ٹی و دیگر شعبوں کی ترقی کے لیے ٹھوس حکمت عملی کے ساتھ کام کررہے ہیں۔ وزیر اعظم پاکستان آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی کے لیے پانچ سو ارب کا تاریخی میگا ترقیاتی پیکج دینے جارہے ہیں جس میں سیاحت کے فروغ کے لیے خصوصی منصوبے رکھیں جائیں گے۔
آزاد کشمیر میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقع موجود ہیں، حکومت آزاد خطہ کے پوٹینشل سے فائدہ اٹھانے کے لیے پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کو فروغ دیگی، سیاحت اور آئی ٹی کے شعبے میں ترقی سے مقامی لوگوں کو وسیع پیمانے پر روزگار ملے گا۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے ایم ٹی بی سی کے ایگزیکٹو چیئرمین محمود الحق سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ چیئرمین ایم ٹی بی سی محمود الحق نے اس موقع پر ایم ٹی بی سی کے جاریہ منصوبوں میں بھرپور تعاون پر وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کا شکریہ ادا کیا۔وزیر اعظم نے اس موقع پر ایم ٹی بی سی کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ آزاد کشمیر میں ایم ٹی بی سی مختلف سیکٹرز کی ترقی کے لیے بہترین خدمات سرانجام دے رہا ہے۔ میں نے خود ایم ٹی بی سی کے مختلف پراجیکٹس کا وزٹ کیا ہے اور وہاں عالمی معیار کے مطابق سہولیات و انتظام دیکھ کر خوشی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ایم ٹی بی سے بڑے پیمانے پر لوگوں کو روزگار بھی فراہم کررہی ہے جو کہ خوش آئند ہے۔ حکومت آزاد کشمیر ایم ٹی بی سی کے ساتھ مستقبل میں مزید نئے پراجیکٹس پر پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت کام کرے گی۔ایگزیکیٹو چیئرمین ایم ٹی بی سی محمود الحق نے اس موقع پر وزیر اعظم کو ایم ٹی بی سی کی مستقبل کے حوالہ سے پیش بندیوں سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ ایم ٹی بی سی کشمیر ائیر لائن سروس شروع کرنا چاہتی ہے جس کے تحت بذریعہ ہیلی کاپٹر سیاحوں کو آزاد کشمیر کے سیاحتی مقامات تک رسائی دی جائیگی۔ تعلیم کے شعبے کی ترقی کے لیے بھی حکومت آزاد کشمیر سے ملکر مختلف مقامات پر ماڈل ادارے بنا رہے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ایم ٹی بی سی کی جانب سے مختلف سیکٹرز میں سرمایہ کاری سے ریاست میں تعمیر و ترقی کے ساتھ ساتھ سرمایہ کاروں کو بھی اچھا پیغام جائے گا۔ حکومت آزاد کشمیر ایم ٹی بی سی کے ساتھ بھرپور تعاون کریگی، آزاد کشمیر میں سرمایہ کاروں کے لیے سازگار ماحول ہے، سرمایہ کاروں کو حکومت مکمل تحفظ دیگی۔ اس موقع پر ایم ٹی بی سی کے ایگزیکٹو چیئرمین محمود الحق نے وزیر اعظم آزاد کشمیر کو ایم ٹی بی سی باغ کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں