امریکہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیاں ختم کرانے میں کردار ادا کرے، بیرسٹر سلطان محمود کا امریکہ کے ڈپٹی سفیر سے ملاقات میں اظہار خیال

اسلام آباد (پی این آئی) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ امریکہ انسانی حقوق کا چیمپئن بنا ہوا ہے اس لئے وہ مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی پامالیاں ختم کرانے کے لئے بھی اپنا کردار ادا کرے۔ اسی طرح مقبوضہ کشمیر کے عوام کو اُن کا حق خودارادیت بھی دلوائے۔ امریکہ اور پاکستان کے بڑے تاریخی تعلقات ہیں اور ہم کشمیریوں کی بھی خواہش ہے کہ یہ تعلقات آگے بڑھیں اورمزید مستحکم ہوں۔

امریکہ جو کہ اس وقت سپر پاور ہے اُسے چاہیے کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج یہاں ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں پاکستان میں تعینات امریکہ کے ڈپٹی سفیر رچرڈ سنل سائر (Richard Snelsir)سے تفصیلی ملاقات میں کیا۔ اس موقع پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے امریکی ڈپٹی سفیر کو بتایا کہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال 05اگست2019کے بھارتی اقدامات کے بعد انتہائی سنگین ہے اور وہاں پر انسانی حقوق کی پامالیاں عروج پر ہیں۔

لہذا امریکہ مقبوضہ کشمیر میں جاری بربریت بند کرانے کے لئے اپنا رول ادا کرے اسی طرح کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے لئے اپنا کردار ادا کرے۔ ۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close