خواتین کے کوٹہ پر عملدرآمد، تعلیم و صحت کی سہولیات کی فراہمی، یتیم بچیوں کو اعلیٰ تعلیم کے لیے بھر پور کردار ادا کریں گے، پروفیسر تقدیس گیلانی کا تقریب سے خطاب

مظفرآباد (پی آئی ڈی) ممبر آزادجموں وکشمیر قانو ن ساز اسمبلی و پارلیمانی سیکرٹری پروفیسر تقدیق گیلانی نے کہا ہے کہ ورکنگ وویمن ہمارے معاشرے کی خواتین کے لیے رول ماڈل ہیں جو اپنے خاندان کے ساتھ ساتھ معاشرے کی فلاح کے لیے بھی بہترین کام کر رہی ہیں۔مقبوضہ کشمیر میں کشمیری خواتین مردوں کے شانہ بشانہ قربانیاں دے رہی ہیں۔ میں آج یہاں وزیر اعظم آزادکشمیر کی نمائندگی کر رہی ہوں۔ وزیراعظم اس تقریب میں مدعو تھے لیکن انہوں نے مجھے اپنی طرف سے یہاں بھیجا ہے۔ حکومت ہر شعبہ میں خواتین کی شمولیت کے لیے کام کر رہی ہے۔

خواتین کے حقوق کے لیے کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کریں گے، سرکاری ملازمتوں میں خواتین کے کوٹہ پر عملدرآمد اور انہیں تعلیم و صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی، یتیم بچیوں کو اعلیٰ تعلیم کے حوالے سے اپنا بھر پور کردار ادا کریں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کے روز یہاں محکمہ ترقی نسواں کے زیر اہتمام خواتین پر تشدد کے خلاف سولہ روزہ مہم کے سلسلہ میں انسانی حقوق کے عالمی دن کے حوالہ سے اسلامک ریلیف کے تعاون سے ”ورکنگ وویمن کانفرنس“ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

ورکنگ وویمن کانفرنس سے ممبران اسمبلی نثارہ عباسی، امتیاز نسیم، نبیلہ ایوب، چیئر پرسن وویمن کمیشن تہمینہ صادق، ڈبلیو ایچ او کی کوآرڈینیٹر ڈاکٹر بشریٰ شمس، وویمن کمیشن کی ممبران نائلہ شہزاد، عظمیٰ شیریں اور ڈائریکٹر ترقی نسواں رابعہ گیلانی نے بھی خطاب کیا۔ پارلیمانی سیکرٹری پروفیسر تقدیس گیلانی نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت خواتین کے حقوق کی محافظ ہے۔ ہم خواتین کو ان کے حقوق دلوانے کے لیے قانون سازی کریں گے تاکہ خواتین کو معاشرے میں ان کا جائز مقام مل سکے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ممبران اسمبلی نثارہ عباسی، امتیاز نسیم اور نبیلہ ایوب نے کہا کہ خواتین کو حقوق دلانے کے لیے اسمبلی کے اندر اور باہر بھرپور کردارادا کریں گے۔

بچیوں کو میرٹ پر اعلیٰ تعلیمی اداروں میں داخلے اور میرٹ پر سرکاری ایڈجسٹمینٹ کے لیے سپورٹ فراہم کریں گے۔ انہوں نے کنول مطلوب کے ساتھ زیادتی کی مذمت کرتے ہوئے ملزم کو قرار واقع سزا دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ حیوانیت کے مرتکب عناصر کو فوری سزا دی جائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات کی روک تھام ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ دیہی علاقوں میں بیوہ خواتین اور مظلوم طبقات کو اپنے پاوں پر کھڑا کرنے کے لیے حکومت سے فیصلے کروائیں گے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close