مظفرآباد (پی آئی ڈی) آزادکشمیر کے وزیر تعمیر ات عامہ چوہدری اظہرصادق نے آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی میں ڈڈیال میں زیادتی کے بعد قتل ہونے والی بچی کنول مطلوب کے واقعہ کو انتہائی اندوہناک قرار دیتے ہوئے ایوان کی توجہ اس واقعہ کی جانب مبذول کروائی۔انہو ں نے حکومت اورایوان کی جانب سے متاثرہ خاندان کے ساتھ بھرپور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے انصاف کی فراہمی تک بھرپور قانونی و مالی تعاون کی یقین دہانی کروائی۔جمعہ کے روز آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر تعمیرات عامہ نے کہاکہ میں اس ایوان کے توسط سے متاثرہ خاندان کے ساتھ ہمدردی کا اظہار کرتا ہوں۔
حکومت متاثرہ خاندان کی ہر ممکن مدد کریگی۔ متاثرہ خاندان کو بھرپور قانونی معاونت فراہم کریں گے۔ کنول مطلوب کے قاتل کو پولیس انتظامیہ و دیگر اداروں نے25روز میں گرفتار کیا ہے۔وزیر تعمیرات عامہ و مواصلات چوہدری اظہر صادق نے کہاکہ جن لوگوں نے ڈڈیال واقعہ پرآواز اٹھائی اور متاثرہ خاندان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرنے گئے ان کے شکرگزار ہیں۔ قاتل کو کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے متاثرہ خاندان کی بھرپور قانونی معاونت کریں گے۔ قاتل کو کڑی سے کڑی سزا دلواکر رہیں گے تاکہ آئندہ کوئی معصوم بچی درندگی کا شکار نہ ہو۔
انہوں نے کہاکہ ڈپٹی سپیکر چوہدری محمد ریاض اور ممبر اسمبلی چوہدری قاسم مجید متاثرہ خاندان کے پاس گئے اور ہمدردی کا اظہار کیا جس پر ان کا شکرگزار ہوں۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں