مظفرآباد (پی آئی ڈی) کمشنر مظفرآباد ڈویژن مسعود الرحمان کی زیر صدارت دارلحکومت کی خوبصورتی میں اضافے، کیپیٹل رسپانس سسٹم لانچ کرنے، شٹل بس سروس شروع کرنے، ہاؤسنگ سکیم ہا کو بہتر بنانے، بلڈنگ کوڈز پر عملدرآمد، تجاوزات کے خاتمے کے حوالہ سے اجلاس سے منعقد ہوا۔ اجلاس میں چیئرمین ترقیاتی ادارہ مظفرآباد سید اظہر گیلانی، سپرنٹنڈنٹ انجینئر پبلک ہیلتھ چوہدری احمد، ڈپٹی کمشنر ندیم احمد جنجوعہ، محکمہ شاہرات، فزیکل پلاننگ وہاؤسنگ، بلدیہ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔
اجلاس میں شاہرات کے ارد گرد تعمیرات کے حوالہ سے کمیٹی بنانے کا فیصلہ کیا گیا،کمیٹی میں انتظامیہ، شاہرات، پی پی ایچ، برقیات، میونسپل کارپوریشن اور ترقیاتی ادارہ کے نمائندے شامل ہوں گے اور این او سی کے بغیر کسی بھی قسم کی تعمیرات کی اجازت نہیں ہوگی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ماسٹر پلان کو ریوائز کرنے کیلئے وزیراعظم سے منظوری حاصل کی جائیگی۔اجلاس میں شہریوں کو سہولیات کی فراہمی کیلئے کیپیٹل رسپانس سسٹم لانچ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا۔ کیپیٹل رسپانس سسٹم میں تمام محکمہ جات کے نمائندگان شامل ہوں گے اور شہریوں کو فوری طور پر رسپانس دیا جائیگا۔ اجلاس میں فیصلہ کیاگیا کہ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کے حوالے سے میونسپل کارپوریشن رپورٹ بنا کر پیش کریگی۔ جن سڑکوں کی ایکوزیشن ترقیاتی ادارہ نے کروائی ہے ان ان کے ارد گرد تعمیرات کی اجازت ایم ڈی اے دے گا۔
عمارات کی تعمیر کے لیے ضابطہ کار بنایا جائیگااور میونسپل کارپوریشن نقشہ کے بغیر کسی صورت تعمیرات کی اجازت نہیں دے گی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بلڈنگ کوڈز کمیٹی کو فعال بنانے کیلئے تحریک کی جائیگی۔ تجاوزات کے خاتمے کیلئے ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں کمیٹی بنائی جائیگی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ شہر میں پولز پر تاروں کے نظام کو درست کرنے کیلئے اسسٹنٹ کمشنر اور ایس ڈی او برقیات پر مشتمل کمیٹی بنائی جائیگی جو اس حوالہ سے رپورٹ مرتب کر کے پیش کریگی۔ اجلاس میں مظفرآباد شہر میں شٹل بس سروس چلانے کا بھی فیصلہ کیاگیا۔ شٹل بس سروس تین روٹس پر مشتمل ہو گی۔ چہلہ سے براستہ طارق آبادبائی پاس امبور، چہلہ سے براستہ مظفرآباد شہر امبور اور چہلہ سے براستہ ویسٹرن بائی پاس امبور شٹل بس سروس کے روٹ ہوں گے۔ شٹل بس سروس کے حوالہ سے ایم ڈی اے سرمایہ کاروں کو لائے گا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ شٹل بس سروس کے حوالہ سے ایم ڈی اے چیئرمین کی اسلام آباد میں آئندہ ایک دو روز میں میٹنگ طے پائی ہے جو مظفرآباد شٹل بس سروس میں سرمایہ کریں گے۔ اجلاس میں چیئرمین ایم ڈی اے سید اظہر گیلانی نے بتایا کہ کشمیر بینک نے شٹل بس سروس کے ویٹنگ پوائنٹس بنانے پر آمادگی ظاہر کی ہے۔ کشمیر بینک کے تعاون سے مظفرآباد شہر کی خوبصورتی کیلئے دربار سہیلی سرکار کے سامنے فاؤنٹین نصب کی جائیگی جبکہ شہر میں ایک ڈیجیٹل کلاک بھی نصب کی جائیگی۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں