آزادکشمیر میں زراعت کافروغ، وزیراعظم سے عالمی ادارہ خوراک و زراعت کے وفد کی ملاقات

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی سے جمعرات کے روز آزادکشمیر میں زراعت کے فروغ کے لیے آنے والے عالمی ادارہ خوراک و زراعت (FAO) کے وفد نے ملاقات کی۔ وزیر زراعت سردارمیر اکبر خان، سابق امیدوار اسمبلی ذیشان حیدر، ایڈیشنل سیکرٹری زراعت ودیگر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

ایف اے او کے وفد میں RM ایڈوائزرڈاکٹر فیض الباری،سیڈ سیکٹر کنسلٹنٹ ڈاکٹر شکیل، FMDمینجمنٹ سپیشلسٹ ڈاکٹر افضل اور نیشنل کنسلٹنٹ نیوٹریشن و کلسٹر فارمنگ ڈاکٹر مبارک علی شامل تھے۔وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی کو FAOکے وفد نے اپنے دورہ آزادکشمیر کے اغراض و مقاصد سے آگاہ کیا۔ وفد نے وزیراعظم کو بتایا کہ ادارہ آزادکشمیر میں زراعت اور لائیو سٹاک سیکٹر کی بہتری کیلئے بھرپور تکنیکی اور مالی معاونت فراہم کریگا۔ اس حوالے سے آزادکشمیر میں سیڈ بینک، زراعت ریسرچ انسٹیٹیوٹ اورزراعت و لائیو سٹاک کی استعداد کار میں اضافے کیلئے خصوصی تعاون فراہم کیا جائیگا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم سردارعبد القیوم نیازی نے کہاکہ زراعت اور لائیوسٹاک کے شعبے کی ترقی سے بیروزگاری اور غربت کے خاتمے میں بہت معاون ثابت ہوگی۔ حکومت آزادکشمیر وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویڑن کے مطابق آزادکشمیر میں ان دونوں شعبوں کی ترقی کیلئے جامع پلان بنا کر کام کررہی ہے۔ پھلدار پودوں، اجناس اور مقامی سطح پر سبزیوں، دودھ، گوشت کی ضرورت پوری کرنے کیلئے کام کررہے ہیں۔ وفد کے شرکاء نے لائیوسٹاک و زراعت کے فروغ کے حوالہ سے وزیراعظم آزادکشمیر کے ویژ ن کو سراہا۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close