آزادکشمیر میں ماں بچے کے علاج اور وبائی امراض کیلئے خصوصی ہسپتالوں کا قیام،وزیراعظم آزادکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کی زیر صدارت محکمہ صحت کا اجلاس

مظفرآباد (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزادجموں وکشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کی زیر صدارت محکمہ صحت کا اعلیٰ سطحی اجلاس، اجلاس میں آزادکشمیر میں صحت کی سہولیات کی بہتر انداز میں فراہمی کیلئے ماں بچے کے علاج اور وبائی امراض کیلئے خصوصی ہسپتالوں کے قیام، آزادکشمیر میں برن سینٹرکے قیام، طبی عملے کی ٹرانسفر پالیسی کو ریوائزکرنے، پونچھ میڈیکل کالج کی تعمیر اور ایل او سی کے لوگوں کو صحت کی سہولیات کی فراہمی کیلئے خصوصی پیکج دینے کا فیصلہ۔وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی نے ڈی ایچ کیو راولاکوٹ کے 50 ملین روپے کے فنڈز کی پلندری منتقلی کی تحقیقات کیلئے وزیر صحت کی سربراہی کی کمیٹی تشکیل دے دی جو حقائق کا جائزہ لیکر رپورٹ وزیراعظم کو پیش کریگی۔

کمیٹی میں محکمہ صحت اور فزیکل پلاننگ و ہاؤسنگ کے نمائندے شامل ہونگے۔وزیراعظم نے گزشتہ پانچ سالوں کے دوران ادویات مہیا کرنے والے کنٹرکٹرز کی بھی تفصیلات طلب کر لیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ لوگوں کو سہولیات کی فراہمی اور آزاد خطہ کی تعمیر وترقی کیلئے وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویڑن کے مطابق کام کریں گے اور احتساب اور خوداحتسابی کو یقینی بنایا جائے گا، عوام کی خدمت کیلئے آئے ہیں‘ صحت جیسی بنیادی سہولیات کی فراہمی میں کسی بھی قسم کی خرابی برادشت نہیں کی جائیگی۔ وزیراعظم نے اجلاس میں ڈاکٹرز کی سوفیصد جائے تعیناتی پر حاضری، تمام ہسپتالوں میں ادویات کی فراہمی، سروسز کو بہتر بنانے، ہسپتالوں میں صفائی ستھرائی،

طبی عملے کو سہولیات کی فراہمی اور انصاف صحت سہولت کارڈ کی سروسز کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ عوام کی زندگیاں اہم ہیں، انسانی جانوں سے کھلواڑ کی اجازت نہیں دیں گے، ایسا نہیں چلے گا کہ کوئی تنخواہ سرکار کے خزانے سے لے اور کام پرائیویٹ کرے، ہسپتالوں میں ادویات کی دستیابی کو بھی یقینی بنایا جائے اور ادوایات کی عدم دستیابی پر ہسپتال انچارج کے خلاف کاروائی کی جائے۔اجلاس میں وزیر صحت ڈاکٹرنثار انصر ابدالی، سیکرٹری صحت عامہ میجر جنرل احسن الطاف، ڈی جی صحت و دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں وزیراعظم سردار عبدالقیوم نیازی نے 500 ارب کے کشمیر ڈویلپمنٹ پیکج میں صحت کی سہولیات اورڈاکٹرز و دیگر سٹاف کی سہولیات کی فراہمی کے منصوبے شامل کرنے کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی۔

وزیراعظم نے کورونا وائر س سے بچاؤ کیلئے محکمہ صحت، ڈاکٹرز و دیگر سٹاف کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ ڈاکٹرز کی ٹریننگ کے دوران اخلاقیات پر بھی فوکس کیا جائے، تمام ہسپتالوں میں سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنانے کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کیا جائے، ادوایات کی خریداری و تقسیم کار کے میکنزم کو شفاف اور جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے اور صاف و شفاف بنایا جائے۔ ڈاکٹرز و دیگر سٹاف کی ہسپتالوں میں حاضری یقینی بنانے کیلئے مؤثر اقدامات کیے جائیں۔ اجلاس میں وزیراعظم کو ایل او سی کے عوام کیلئے 2478ملین روپے کے پیکج کے حوالے سے بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ اس پیکج سے ایل او سی کے ملحقہ علاقوں میں طبی مراکز میں سہولیات و سامان کی فراہمی، ضرورت کے مطابق نئے ہیلتھ یونٹ کے قیام، ایمبولینسز اور بنکرز سمیت دیگر لوازمات کی فراہمی شامل ہے۔

وزیراعظم کو بتایا گیا کہ کوٹلی میں ڈینٹل کالج کے قیام، نرسنگ کالجز ودیگر میگا پراجیکٹس کیلئے18ارب روپے کا پیکج تیارکیا جارہا ہے جو وفاقی ڈویلپمنٹ پروگرام میں شمولیت کیلئے وفاقی حکومت کو بھیجاجائے گا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ آزاد کشمیر بھر میں ڈاکٹرز و دیگر سٹاف کی کمی کو بھی پورا کیا جائے گا،محکمہ صحت کی استعداد کار بڑھانے کیلئے فوری اصلاحات ناگزیر ہیں،ڈاکٹرز اور طبی عملے کو سہولیات فراہم کریں گے تاکہ وہ بہتر انداز میں امور کی انجام دہی کر سکیں۔انہوں نے کہاکہ بڑے ہسپتالوں سے بوجھ کم کرنے کیلئے ضروری ہے کہ ہیلتھ یونٹس میں تعینات ڈاکٹرز اپنی جائے تعیناتی پر خدمات دیں تاکہ لوگوں کو مقامی سطح پر سہولت بھی میسر ہو اور ہسپتالوں سے بوجھ بھی کم ہو۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close