آزادکشمیر میں ملٹی پل انڈیکیٹر کلسٹر سروے 2020-21 ،بیورو آف شماریات، محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کے زیر اہتمام711 انڈیکیٹرز کے اعدادو شمار کی رپورٹ مکمل کر لی گئی

مظفرآباد (پی آئی ڈی) بیورو آف شماریات، محکمہ منصوبہ بندی و ترقیات کے زیر اہتمام آزادکشمیر میں ملٹی پل انڈیکیٹر کلسٹر سروے 2020-21 (Multiple Indicator Cluster Survey) کے تحت 171 انڈیکیٹرز (Indicators) کے اعدادو شمار کی رپورٹ مکمل کر لی گئی۔ آزادجموں وکشمیر ملٹی پل انڈیکیٹر کلسٹر سروے کی سٹیرنگ کمیٹی کا اجلاس گذشتہ روز ایڈیشنل چیف سیکرٹری (ترقیات) ڈاکٹر ساجد محمود چوہان کی زیر صدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں سیکرٹریز حکومت اور سربراہان محکمہ جات جن میں لوکل گورنمنٹ، تعلیم، صحت عامہ، بہبود آبادی، مالیات، ترقیات، فزیکل پلاننگ و ہاوسنگ، یونیسیف پاکستان کے نمائندہ حضرات اور پاکستان بیورو آف شماریات، آزادکشمیر بیورو آف شماریات اور دیگر ٹیکنیکل آفیسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں ملٹی پل انڈیکیٹر کلسٹر سروے کے تحت کئے گئے سروے کی روشنی میں سروے فائنڈنگ رپورٹ کو زیر غور لاتے ہوئے اس کو متفقہ طور پر منظور کیا گیا۔ اس پروگرام کے تحت کل 171 انڈیکیٹرز کیلئے سروے کیا گیا جس میں سے 33انڈیکیٹرز ایس ڈی جی (SDG)سے متعلقہ ہیں۔ سروے میں بچوں، خواتین اور مرد حضرات کے حوالے سے تعلیم، صحت و صفائی، پانی کی فراہمی، خوراک، رہن سہن، ماحولیاتی امور اور معیار زندگی کے حوالے سے مختلف طریقوں سے ابتدائی اعدادو شمار کو مرتب کیا گیا ہے۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے ایڈیشنل چیف سیکرٹری (ترقیات) ڈاکٹر ساجد محمو د چوہان نے کہا کہ قبل ازیں آزادکشمیر میں ملٹی پل انڈیکیٹر کلسٹر سروے 2007-08 میں ہوا تھا لیکن اب جدید تقاضوں کو پورا کرتے ہوئے یہ سروے 2020-21 میں مکمل کیا گیا ہے جو کہ ایک بہت بڑی کامیابی اور بریک تھرو ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سروے کی

تکمیل سے آزادکشمیر کے محکمہ جات کو قابل اعتماد اعدادو شمار مہیا ہو جائیں گے جو بہتر منصوبہ بندی کے لیے کام آئیں گے۔ علاوہ ازیں اس سروے کے اعداد و شمار کو مد نظر رکھتے ہوئے محکمہ جات اپنی منصوبہ بندی میں بہتری لا سکتے ہیں اور یہ پالیسی ساز اور منصوبہ ساز اداروں کے لیے بہت مفید اور مدد گار ثابت ہوگا۔ ان اعدادو شمار تک موثر اور فوری رسائی کے لیے یونیسیف کے تعاون سے ایک موبائل اپلیکیشن بنائی گئی ہے جس کو اجلاس میں پیش کیا گیا ہے۔ اجلاس کے آخر میں سٹیرنگ کمیٹی نے آزادجموں وکشمیر ملٹی پل انڈیکیٹر کلسٹر سروے 2020-21 کے اعدادو شمار اور موبائل اپلیکیشن کی لانچنگ کو منظور کرتے ہوئے اس کی ترتیب و تدوین اور اشاعت کے لیے احکامات جاری کیے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close