ڈسٹرکٹ ہسپتال راولاکوٹ کے 50 ملین روپے پلندری منتقلی، سابقہ دور کے معاملے پروزیر اعظم آزاد کشمیر کاتحقیقات کا فیصلہ،

راولاکوٹ (پی آئی ڈی) وزیراعظم آزادجموں و کشمیر سردار عبد القیوم نیازی کا گزشتہ حکومت کی جانب سے ڈسٹرکٹ ہسپتال راولاکوٹ کے 50 ملین روپے پلندری منتقلی کی تحقیقات کا فیصلہ،وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے زیر تعمیر ڈسٹرکٹ ہسپتال راولاکوٹ کا دورہ کیا۔وزیراعظم کو ایکسین بلڈنگ، ڈی ایچ او اور دیگر متعلقہ حکام نے منصوبے سے متعلق بریفنگ دی۔ وزیر اعظم نے ہسپتال کے تعمیراتی کام کا جائزہ بھی لیا۔ وزیر اعظم کو بتایا گیا کہ گزشتہ حکومت کے دوران 50 ملین روپے پلندری منتقلی سے کام رک گیا تھا۔

آزاد کشمیر میں تحریک انصاف کی حکومت نے اقتدار میں آتے ہی 140 ملین کے فنڈز جاری کیے گئے جس کے باعث ہسپتال کی تعمیر کا کام تیزی سے جاری ہے۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ فنڈز منتقلی کی شفاف تحقیقات کروائیں گے اور ذمہ داران کے خلاف کارروائی ہوگی،وزیراعظم نے وہاں موجود آفیسران کو وقت کی پابندی کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ کوئی طریقہ نہیں کہ ملازم گیارہ گیارہ بجے ڈیوٹی پر پہنچیں، تمام آفیسران کو اپنے وقت پر دفاتر پہنچنا ہو گا۔وزیراعظم نے کہا کہ ہسپتال کی عمارت کے معیار میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔وزیراعظم نے منصوبے کو بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے یہاں کے لوگوں کو اچھے اور سستے علاج کی سہولت مہیا ہو گی، اس لیے اس کی جلد تکمیل ناگزیر ہے، ڈاکٹرز کو رہائش سمیت تمام ضروری سہولیات کی فراہمی کا بھی خصوصی خیال رکھا جائے گا۔اس موقع پر وزیر اعظم سردار عبد القیوم نیازی نے ہسپتال کے اردگرد آبادی کے مسائل بھی سنے اور ان کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل کو حل کیا جائے گا۔

قبل ازیں وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے ہجیرہ بائی پاس روڈ کا بھی جائزہ لیا۔ وزیر اعظم کو بائی پاس روڈ کے حوالے سے متعلقہ حکام نے بریفنگ دی۔ وزیر اعظم سردار عبد القیوم نیازی نے حکام سے منصوبے کی فزیبلٹی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ ہجیرہ شہر میں ٹریفک کے مسائل حل کرنے کیلئے انتہائی ضروری ہے،۔ وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ آزادکشمیر کے تمام بڑے شہروں سے ٹریفک کا دباو کم کرنے کیلئے متبادل انتظامات کو یقینی بنایا جائے گا۔اس موقع پر سابق امیدوار اسمبلی سردار ارزش،رہنما تحریک انصاف کاشان مسعود، سردار ارشد، رئیس انقلابی، سردار نسیم و دیگر بھی موجود تھے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close