مظفرآباد (پی آئی ڈی) آزادجموں وکشمیر قانون ساز اسمبلی وپارلیمانی سیکرٹری پروفیسر تقدیس گیلانی نے کہا ہے کہ خواتین کو قومی دھارے میں شامل کریں گے۔ خواتین کو خود اعتماد بنا کر انہیں اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کے لیے اقدامات کر رہے ہیں۔ خواتین کو حضرت فاطمہ اور حضرت خدیجہ کو رول ماڈل کے طور پر سامنے رکھتے ہوئے اپنے والدین، معاشرے اور ملک کا نام روشن کریں۔ تحریک انصاف کی حکومت وزیر اعظم پاکستان عمران خان اور وزیر اعظم آزادکشمیر کے ویژن کے مطابق ہر شعبہ زندگی میں خواتین کو آگے لائیں گے۔
مسرت شاہین سکول میں ہمارا مستقبل زیر تعلیم ہے۔ مجھے یقین ہے کہ کل آپ میں سے کئی طالبات ڈاکٹر، پروفیسر،پائلٹ اور افواج پاکستان کا حصہ بنیں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے خواتین کے خلاف تشدد کی 16روزہ مہم کے سلسلہ میں گرلز گائیڈکی جانب سے گورنمنٹ مسرت شاہین گرلز ہائی سکول مدینہ مارکیٹ میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں چیئرپرسن وویمن کمیشن تہمینہ صادق، ڈائریکٹر محکمہ ترقی نسواں رابعہ گیلانی، ڈی پی آئی سکولز تسلیم گل، ڈی ای او صائمہ عباسی، ووکیشنل ٹریننگ سکول کی پرنسپل ثناء گیلانی کے علاوہ گرلز گائیڈ کی بڑی تعداد بھی موجود تھی۔
اس موقع پر پروفیسر تقدیس گیلانی نے طالبات کی جانب سے لگائے گئے سٹالز کا معائنہ کیا اور ان کے کام کو سراہا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پروفیسر تقدیس گیلانی نے کہا کہ خواتین کی ہر شعبہ زندگی میں شمولیت تحریک انصاف کی حکومت کی ترجیح ہے۔ وزیراعظم پاکستان اور وزیر اعظم آزادکشمیر اس سلسلہ میں خصوصی اقدامات کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے مذہب میں بھی عورت کو خاص مقام حاصل ہے۔ اسلام خواتین کے احترام اور ان کے حقوق کے تحفظ کا درس دیتا ہے۔ ہمارے لیے حضرت فاطمہ اور حضرت خدیجہ بہترین رول ماڈل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سکول اساتذہ طالبات میں خود اعتمادی پید ا کریں تاکہ کل وہ عملی زندگی میں جا کر اپنے حقوق کا تحفظ کرسکیں۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں