حکومت اور حکومتی مشینری عوامی خدمت میں مصروف عمل ہے، کشمیر فائزر ریسکیو وہیکلز کی افتتاحی تقریب سے وزیر اعظم عبدالقیوم نیازی کا خطاب

ہجیرہ (پی آئی ڈی ) وزیراعظم آزاد جموں وکشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے کہا ہے کہ عوام کی خدمت حکومت کا مشن ہے،جس کیلئے سولہ 16 گھنٹے کام کرتا ہوں، وزیراعظم پاکستان عمران خان کے ویژن کے مطابق آزاد کشمیر میں تعمیر وترقی کے عمل کو تیز کریں گے، متوسط اور غریب طبقے کو اٹھا کر اوپر لائیں گے، کسی کی حق تلفی نہیں ہونے دوں گا، شفافیت اور میرٹ کو فروغ دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کشمیر فائزر ریسکیو وہیکلز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

وزیراعظم نے اس موقع پر فائزر ریسکیو وہیکلز کی چابیاں بھی ذمہ داران کے حوالے کیں اور گاڑیوں ودیگر ریسکیو کے آلات کا معائنہ بھی کیا۔ تقریب سے سابق امیدوار اسمبلی سردار ارزش، سیکرٹری ایس ڈی ایم اے شاہد ایوب، کمشنر پونچھ ڈویژن عنصر یعقوب نے بھی خطاب کیا۔وزیراعظم آزادکشمیر نے کہاکہ حکومت اور حکومتی مشینری عوامی خدمت میں مصروف عمل ہے، تمام محکمہ جات کے سیکرٹری صاحبان کو ہدایت کی ہے ایل او سی پر جا کر عوامی مسائل سنیں اور لوگوں کے مسائل حل کریں، عوامی مسائل کو ان کی دہلیز پر حل کریں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ ایل او سی کے نزدیک رہنے والے لوگوں کے حقوق کا تحفظ یقینی بنایا جائیگا، ایل او سی کے نزدیک رہنے والے افراد خصوصی توجہ کے مستحق ہیں ان کو سہولیات دینے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر کام کر رہے ہیں، ہماری حکومت کی بڑی ذمہ داری تحریک آزادی کشمیر ہے،وزیر اعظم پاکستان عمران خان کشمیریوں کے سفیر اور محسن ہیں جس طرح سے انھوں نے مسئلہ کشمیر کو پوری دنیا میں اجاگر کیا، اس کی مثال نہیں ملتی، وہ وقت دور نہیں جب کشمیر کے مسلمانوں کو آزادی کی نعمت نصیب ہو گی۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں