صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کا ڈڈیال میں ایک معصوم بچی کے ساتھ زیادتی اور قتل کرنے کا سخت نوٹس

اسلام آباد ( پی این آئی) صدر آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے ڈڈیال میں ایک معصوم بچی کے ساتھ زیادتی اور بعد ازاں اُسے سفاکی سے قتل کرنے کا سخت نوٹس لے لیا ہے اور اس وحشیانہ واقعہ کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم دے دیااس سلسلے میں انہوں نے چیف جسٹس ہائیکورٹ آزادکشمیر صداقت حسین راجہ سے کہا ہے کہ وہ اس واقعہ کا روزانہ کی بنیاد پر ٹرائل کریں اور ٹرائل جلدمکمل کر کے اصل مجرمان کو قرار واقعی سزا دی جائے تاکہ اس قسم کے وحشیانہ اور سفاکانہ واقعات کا آئندہ کے لئے تدارک ہو سکے۔

ہم یہاں آزادی کے بیس کیمپ سے مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی بربریت کی ہمیشہ مذمت کرتے ہیں جبکہ یہاں آزادکشمیر میں ایسے واقعات کا ہونا ہمارے لئے لمحہ فکریہ ہے۔ لہذا ایسے واقعات کے مجرمان کو عبرتناک سزا دی جانی چاہیے تاکہ اس طرح کے برے عزائم رکھنے والے دیگر لوگوں کو اُن کے مکروہ عزائم سے باز رکھا جائے اور باقی لوگوں کے لئے ایک مثال قائم ہو سکے۔ اس بات کا فیصلہ انہوں نے آج یہاں ایوان صدر کشمیر ہاؤس اسلام آباد میں وزیر تعمیرات عامہ چوہدری اظہر صادق سے ایک تفصیلی ملاقات کے بعد کیا۔ اس موقع پر چوہدری اظہر صادق نے صدر ریاست آزاد جموں وکشمیر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری کو واقعہ کی تفصیلات سے آگاہ کیا۔

جس پر صدر ریاست نے فوری نوٹس لیتے ہوئے اعلیٰ سطحی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close